Time 11 ستمبر ، 2019
کھیل

پی سی بی کے چیف اسٹریٹیجک آفیسر شفقت نغمی نے استعفیٰ دے دیا

احسان مانی نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شفقت نغمی کو ملازمت پر رکھا تھا لیکن ان سے کام نہیں لیا جارہا تھا: ذرائع — فوٹو: فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف اسٹریٹیجک آفیسر شفقت نغمی نے اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کے چند ماہ بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور خاموشی سے گھر چلے گئے۔

شفقت نغمی سینئر بیورو کریٹ تھے اور انہیں سرکاری محکموں سے رابطے کیلئے رکھا گیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات کی وجہ سے انہوں نے ذمہ داریاں چھوڑ دی ہیں۔

پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شفقت نغمی نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا لیکن ترجمان نے وجہ بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ شفقت نغمی اور پی سی بی مشترکہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے کہ وہ پی سی بی سے علیحدہ ہوجائیں۔

ذرائع کے مطابق احسان مانی نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شفقت نغمی کو ملازمت پر رکھا تھا لیکن ان سے کام نہیں لیا جارہا تھا۔

دوسری جانب پی سی بی مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ نے کریٹیو کے شعبے کیلئے ایک شخص کو ایک ماہ کیلئے کنسلٹنٹ مقرر کیا جسے ایک ماہ کی ادائیگی 17 لاکھ روپے کی گئی لیکن اس کے بعد کریٹیو ڈیزائن اینڈ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ کے عہدے کا اشتہار بھی دے دیا گیا ہے۔

پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹی وی سے وابستہ ایک شخص کو ایک ماہ کیلئے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد اس عہدے کا اشتہار دے دیا گیا تاہم ترجمان نے 17 لاکھ روپے تنخواہ کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال اگر کوئی کھلاڑی قائد اعظم ٹرافی کے 10، قومی ٹی ٹوئنٹی کے 5 اور پاکستان کپ ون ڈے کے 5 میچ کھیلتا تو اس کا معاوضہ کریٹیو کنسلٹنٹ کے ایک ماہ کے مساوی ہوتا۔

مزید خبریں :