12 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق مکمل طور پر ایکشن میں آگئے، ایک طرف وہ کھلاڑیوں کو لیکچر اور نیٹ پریکٹس کے دوران ٹپس دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں تو دوسری جانب پچز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق ان دنوں پاکستان کرکٹ کے ایک بااختیار اور مضبوط شخص مانے جا رہے ہیں۔
وہ بیک وقت دہری ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں، وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر بھی ہیں، مصباح الحق اب مکمل طور پرایکشن میں آگئے ہیں۔
مصباح الحق نے قائد اعظم ٹرافی کے میچ سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا اور انہیں بتایا کہ کس طرح وہ آگے آکر قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
مصباح نے نئے کرکٹ اسٹرکچر کی افادیت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ ڈسپلن، فٹنس اور پروفیشنل ازم کے ساتھ ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
مصباح الحق نے پھر نیٹ پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا جائزہ لیا اور انہیں ٹپس دیں۔ سہ پہر میں مصباح الحق قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے جہاں ہفتے سے قائد اعظم ٹرافی کا میچ سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
مصباح الحق نے چیف کیوریٹر اور گراؤنڈ اسٹاف کے ہمراہ پچز کا جائزہ لیا اور ہدایات بھی جاری کیں۔ مصباح الحق نے معیاری اور اسپورٹنگ وکٹیں تیار کرنے کا کہا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پچز میں باؤنس ہونا چاہئیے کیونکہ آگے پاکستان نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔