Time 16 ستمبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

صبا قمر بھارتی جاسوس کلبھوشن پر فلم کریں گی؟

صبا قمر فلم"کملی" میں کام کر رہی ہیں جوکہ آئندہ برس ریلیز ہو گی

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ صباقمر نے پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکی پر بننے والی فلم سائن کر لی ہے۔

صبا قمر متعدد ڈراموں کے ساتھ ساتھ لالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں فلمیں بھی کر چکی ہیں۔

چند روز قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ فلم"کملی" میں کام کر رہی ہیں جو کہ آئندہ برس ریلیز ہو گی۔

لیکن سوشل میڈیا پر انٹرٹینمنٹ پاکستان کے نام سے ایک ویب سائٹ کی جانب سے کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ صبا قمر نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے گرد گھومتی ایک فلم سائن کی ہے۔

اس پر صباقمر نے لکھا کہ یہ جاننا ان کے لیے ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے کہ انہوں نے ایسی فلم سائن کی ہے جو ان کے علم میں  نہیں ہی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ جب بھی وہ کوئی فلم کریں گی تو تمام لوگوں کو اس سے آگاہ کریں گی کیونکہ وہ اسی لیے یہاں موجود ہیں۔"ابھی میں صرف "کملی"کر رہی ہوں اس لیے ریٹنگ کے حصول کے لیے جعلی خبریں پوسٹ کرنا بند کر دیں۔"

صبا قمر کے ردعمل کے بعد مذکورہ اکاؤنٹ نے پھر ایک پوسٹ کی جس میں کہا گیا کہ انہیں تین ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے جب کہ انہوں نےمؤقف کے لیے صباقمر سے بھی رابطہ کیاہے۔

اس پوسٹ کے بعد صباقمر نے پھر ردعمل دیا اوراسے مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا موقف خبر شائع کرنے سے پہلے لیا جانا چاہیے تھا۔"آپ نے تین ذرائع سے خبر کی تصدیق کی لیکن مجھ سے نہیں۔ آپ کا دعویٰ کہ آپ نے مجھ سے خبر شائع کرنے سے پہلے رابطہ کیا بالکل غلط ہے۔"


مزید خبریں :