17 ستمبر ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم کی معاونت کے لیے مشیر خزانہ، گورنراسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ موجودتھے جب کہ آئی ایم ایف وفد کی قیادت ڈائریکٹر مڈل ایسٹ وسٹرل ایشیاء جیہاد آزور کررہے تھے۔
ذرائع کےمطابق آئی ایم ایف وفد کی مالیاتی پیکج کی معاونت کے بعد حکومتی اقدامات پر بات چیت ہوئی جب کہ وزیراعظم نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی کے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔
آئی ایم ایف وفد کی مشیر خزانہ سے ملاقات
دوسری جانب مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے بھی آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورت حال اور قرض پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف وفد کو معاشی استحکام کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔
آئی ایم ایف وفد کو بتایا گیا کہ کرنٹ اکاؤنٹ اور تجارتی خسارے میں کمی آرہی ہے، موجودہ سال نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 1000 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے، سرکاری اداروں کے نقصانات میں کمی کیلئے نجکاری کا عمل تیز کیا جائے گا۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نجکاری کی ایکٹیو لسٹ میں مزید 10 ادارے شامل کیے گئے ہیں، غیر ضروری اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا، موجودہ سال معاشی ترقی کا ہدف پورا کیا جائے گا۔