ملک بھر میں ڈینگی بخار سر اٹھانے لگا، کراچی میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ


کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس زور پکڑ گیا جس کے باعث ہزاروں افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں۔

ترجمان انسداد ڈینگی پروگرام کے مطابق ڈینگی کے کیسز سب سے زیادہ کراچی سے سامنے آئے ہیں جس میں مخلتف علاقوں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

درجہ بندی کے مطابق سب سے زیادہ کیسز شہر کے ضلع غربی سے رپورٹ ہورہے ہیں، دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی آماجگاہ بنا ہوا ہے، تیسرے نمبر پر ضلع وسطی میں ڈینگی مچھروں نے عوام کو اپنا نشانہ بنایا ہے، چوتھے نمبر پر ضلع شرقی، پانچویں نمبر پر کورنگی اور چھٹے نمبر پر ضلع ملیر ہے۔

ترجمان انسداد ڈینگی سیل کے مطابق کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرین کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ رواں برس شہر میں اس وائرس سے 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1600  

ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دوسرے اضلاع میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار چھ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 61 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ،ابیٹ آباد میں 9، بٹگرام میں9، ہری پور میں 5 اور مانسہرہ میں8، ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ سوات میں 10 اور مردان میں 4 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

جب کہ لوئردیر میں 12 شانگلہ میں تین، بونیر اور لکی مروت میں ایک ایک ڈینگی وائرس کا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق پشاور میں ڈینگی کا شکار ہونے والے بیشتر مریضوں کا تعلق شیخ محمدی سر بند اور شیخان کے علاقوں سے ہے۔

پنجاب میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1869

دوسری جانب 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 208 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی سے 116، اسلام آباد سے 76 افراد اور لاہور سے 45 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1869 ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :