کھیل
Time 18 ستمبر ، 2019

سری لنکا سیریز کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب صرف مصباح نے کیا؟

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بہت بااثر شخصیت کی حیثیت سے سامنے آرہے ہیں اور پاکستانی ٹیم کی سلیکشن میں بھی ڈرائیونگ سیٹ پر دکھائی دیتے ہیں۔

ذمے دار کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی سیریز کے لئے 20 کھلاڑیوں کے انتخاب میں چھ سلیکٹرز کی رائے برائے نام ہے۔

مصباح الحق نے  فہرست گذشتہ سالوں کی کارکردگی پر بنائی ہے جب کہ کپتان سرفراز احمد سے بھی مشورہ نہیں کیا گیا۔ 

مصباح الحق نے چارج سنبھالنے کے بعد معاملات کو کنٹرول کرلیا ہے۔

اس بارے میں پی سی بی ترجمان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ون مین شو کا تاثر غلط ہے، سیریز کے لیے ٹیم بناتے وقت کپتان سرفراز احمد کی رائے کو بھی اہمیت دی جائے گی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو تین سال کے لیے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ فاسٹ بولر وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔

 چھ صوبائی ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچز سلیکشن کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ 

مصباح الحق کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹیم کے انتخاب میں بطور کوچ اور چیف سلیکٹر رائے ضرور دیں گے البتہ حتمی ٹیم منتخب کرنے کا حق کپتان کے پاس ہو گا۔

 مصباح الحق پاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان ہیں انہوں نے 56 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی جن میں سے 26 جیتے ہیں۔ 

انہوں نے 87 ون ڈے انٹرنیشنل میں کپتانی کی جن میں سے 39 میچز جیتے جب کہ آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سے چھ میں کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں :