21 ستمبر ، 2019
اس وقت ادکارہ عائشہ عمر عالمی سطح پر نت نئے انداز سے پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں لیکن وہ مداحوں کی شدید تنقید کی زد میں بھی ہیں۔
عائشہ عمر نے بین الاقوامی سالانہ فیسٹیول ’برننگ مین 2019‘ میں شرکت کی جو امریکا کے نیویڈا ریگستان پر منعقد کیا گیا۔
برننگ مین فیسٹیول میں ہر سال مختلف ممالک اور قومیت سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہیں جس میں مختلف ثقافت اور فن کی نمائش ہوتی ہے۔
اداکارہ عائشہ عمر بھی اس فیسٹیول کا حصہ بنیں اور پاکستان کی نمائندگی کی۔
اداکارہ نے فیسٹیول میں لی گئی چند تصاویر شیئر کیں جس میں سے ایک تصویر پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے سندھی ثقافت 'رلی' کے ڈیزائن والی مختصر شرٹ اور تنگ پینٹ کا انتخاب کرکے پاکستان کے جھنڈے والی سائیکل پر بیٹھے پوز دیا ہے۔
اس کے علاوہ وہ ہری رنگ کی جناح اسٹائل والی ٹوپی پہنی ہیں جس کے ساتھ ایک طویل لمبائی والا سفید کپڑا ہے۔
عائشہ عمر نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پلایا میں ہر جگہ میں اور میرا جھنڈا بائیک۔۔اس بار رلی پرنٹ والی چولی اور سر پر جناح کیپ متاثر کن تھی اور اس شام میں انتہائی فخر محسوس کرنے والی پاکستانی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ دلچسپی اور تجسس کے ساتھ ساتھی شرکاء نے رک رک کر میرے لباس کی تعریف کی اور پوچھا کہ میرا تعلق کہاں سے ہے۔
بعدازاں عائشہ نے اپنے ساتھی فنکار سے اظہار تشکر بھی کیا اور بتایا کہ اس دوران انہوں نے کئی مرتبہ اپنی ثقافت اور بنیاد کو بیان کیا تھا اور آگے اور بھی ہے۔
لیکن ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے عائشہ عمر کا انوکھا انداز بعض مداحوں کو بالکل نہیں بھایا اور ان پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
یوں تو اداکارہ نے اپنی اس پوسٹ پر تبصرے کرنے والے آپشن کو بند رکھا ہے لیکن مداحوں نے انہیں ان کی وائرل ہونے والی اور دیگر تصاویر پر خوب تنقید کی۔
سویرا نامی مداح نے پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرنے پر کہا کہ کوئی انہیں (اداکارہ) کو صحیح طریقہ بتائے۔
عمارہ سعید نامی مداح نے تمسخر اڑاتے ہوئے لکھا کہ 'جھنڈا بھی شرما رہا ہے اتنا اخلاقی لباس ہے'۔
ایک اور سدرہ متین نامی صارف نے اداکارہ کو کہا کہ جی نہیں! یہ ہماری بنیاد اور ثقافت نہیں ہے۔
حالانکہ ایک صارف نے تو یہ بھی واضح کیا کہ اداکارہ کو معلوم تھا کہ لوگ انہیں اس تصویر پر پسند نہیں کریں گے اس لیے کمنٹ ہی بلاک کردیے۔