کھیل
Time 21 ستمبر ، 2019

رونالڈو اپنی بے پناہ مقبولیت اور شہرت سے تنگ آگئے

شہرت سے تنگ رونالڈوکا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ اپنی پرانی آزادی چاہتے ہیں— فوٹو : فائل

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنی بے پناہ مقبولیت اور شہرت سے تنگ آگئے۔

ایک برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پرتگالی اسٹار اور اٹلی کے معروف فٹبال کلب یووینٹس کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ بے پناہ مقبولیت اور شہرت سے تنگ آچکے ہیں، رونالڈو کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے میں اپنے بچوں کے ساتھ سکون سے پارک بھی نہیں جاسکتا۔

رونالڈو کا کہنا تھا کہ اخبارات اور ٹی وی میں نمایاں جگہ ملنا یہ سب شروع میں اچھا لگتا تھا تاہم اب 15 سال بعد میں ان سب سے عاجز آچکا ہوں اور اب کچھ پرائیویسی چاہتا ہوں۔

فٹبالر کا کہنا تھا کہ گذشتہ 10 سالوں میں میری پرائیویسی تباہ ہوچکی ہے اگر میں اپنے چار بچوں کے ساتھ پارک چلا بھی جاؤں تو مداحوں کے رش کی وجہ سے میرے بچے گھبرا جاتے ہیں یہاں تک کہ میں بھی پریشان ہوجاتا ہوں اس لیے میں دوبارہ وہی پرانی آزادی چاہتا ہوں۔

اگر بچوں کے ساتھ پارک  جاؤں تو مداحوں کے رش کی وجہ سے  بچے گھبرا جاتے ہیں،رونالڈو— فوٹو: فائل 

دنیا بھر میں اپنے لاکھوں مداح رکھنے والے رونالڈو کا کہنا تھا کہ ان کے بہت سے قریبی دوست اور احباب ہیں لیکن صرف چار ایسے لوگ ہیں جن پر وہ 100 فیصد اعتبار کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا شمار دنیا میں کھیل کے ذریعے سب سے زیادہ دولت کمانے والوں میں دوسرے نمبر پر ہوتا ہے ،اس دوڑ میں صرف ان کے پرانے حریف لاینل میسی ہی آگے ہیں۔

معروف امریکی جریدے فوربس کی رواں سال کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی سالانہ آمدنی 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سالانہ ہے جو کہ پاکستانی روپے میں 16 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

مزید خبریں :