Time 23 ستمبر ، 2019
دنیا

امریکا سے مذاکرات کی ناکامی پر افغان طالبان کا وفد روس کے بعد چین پہنچ گیا

ملاقات میں امریکا کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی— فوٹو: فائل 

امریکا سے مذاکرات کی ناکامی پر افغان طالبان کا وفد روس کے بعد چین پہنچ گیا۔

طالبان کا 9 رکنی وفد ملا برادر کی سربراہی میں بیجنگ پہنچا جہاں انہوں نے چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے ملاقات کی۔ 

ملاقات میں امریکا کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ ملاقات میں چینی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ امریکا طالبان سمجھوتہ افغان مسئلے کے پر امن حل کیلئے ایک اچھا فریم ورک ہےجس کی چین حمایت کرتا ہے۔


ملا برادر کا کہنا تھا کہ طالبان اور امریکا نے بات چیت کی اور جامع معاہدے تک پہنچ گئے، اب اگر امریکی صدر اپنا وعدہ توڑتے ہیں تو افغانستان میں کسی قسم کی خونریزی کے ذمہ دار وہی ہوں گے۔

چین کی وزارت خارجہ نے افغان وفد سے ملاقات پر ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا۔

یاد رہے کہ افغان طالبان کے وفد نے گزشتہ دنوں روس کا دورہ کیا تھا جہاں روسی صدر صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زمیر کابلوف نے طالبان وفد کی میزبانی کی تھی۔

خیال رہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے تقریباً معاملات طے پاچکے تھے جس کی تصدیق زلمے خلیل زاد کی جانب سے بھی کی گئی تھی تاہم کابل دھماکوں کے بعد امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات کا عمل اچانک منسوخ کردیا تھا۔

مزید خبریں :