بچوں کا صبح سویرے اسکول کیلئے اُٹھنا صحت کیلئے مضر

اسکول کے لیے صبح سویرے اُٹھنے سے ان کی نیند متاثر ہوتی ہے: فوٹو: فائل

بچوں کے لیے صبح سویرے اٹھ کر تیار ہونا اور وقت پر اسکول پہنچنا جان جوکھوں کا کام ہوتا ہے لیکن ماہرین نے صبح جلدی جاگنے کو طالبعلموں کے لیے نقصاندہ قرار دیدیا ہے۔

حالیہ تحقیق کے مطابق اگر صبح سویرے اسکول جانے کے لیے اُٹھنے سے بچوں کی نیند مسلسل متاثر ہو گی تو یہ ان کی نفسیات کے لیے بے حد منفی ثابت ہوگا۔

ماہرین کے مطابق بچوں کا اسکول کے لیے صبح سویرے اُٹھنے سے ان کی نیند متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچے کی نفسیات پر منفی اثر پڑتا ہے۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن کے سائنسدانوں نے ایک تحقیق کی جس میں انہوں نے نوجوان بچوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا، تقسیم کرنے کے بعد ایک گروپ جس میں 94 بچوں کو صبح 7:50 منٹ پر اسکول بھیجا گیا جبکہ دوسرے گروپ کے بچوں کو جن کی تعداد 84 تھی انہیں8:45 پر روزانہ اسکول بھیجا گیا۔

مشاہدے سے یہ بات ثابت ہوئی کہ وہ بچے جن کی کلاسز دیر سے شروع ہوتی تھیں وہ دن میں 34 منٹ زیادہ سوئے اور وہ سارا دن ترو تازہ اور پُھرتیلے رہے، اگر اِن بچوں کی اسکول کی کارکردگی کی بات کی جائے تو وہ ان بچوں سے 5 فیصد زیادہ تھی جو کہ صبح جلدی اُٹھ کر اسکول جایا کرتے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بچوں کا اسکول صبح تھوری دیر سے شروع کیا جائے تو اس کے بچوں کی نفسیات پر بے حد مثبت نتائج ہوں گے۔

مزید خبریں :