29 ستمبر ، 2019
جب بھی ناشتے کا ذکر ہوتا ہے تو ہمارے دماغ میں صرف ایک ہی چیز آتی ہے کہ ’صحت مند غذا‘ ہے، ہم سب ہمیشہ سے یہی سنتے آ رہے ہیں کہ ناشتے میں ہمیں ہلکی پھلکی اور صحت مند غذا جس میں پھل اور دلیہ وغیرہ شامل ہوتا ہے کھانے چاہئیں۔
مگر اب شاید وقت کے ساتھ ساتھ ہلکے پھلکے ناشتے کی روایات بھی تبدیل ہو چکی ہیں اور لوگ صحتمند ناشتے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔
امریکا میں کی جانے والی حالیہ تحقیق کے مطابق ناشتے میں پیزا کھانا سیریل (دلیہ) کھانے سے زیادہ بہتر اور فائدے مند ہے۔
ماہر غذا چیلسی امر کا کہنا ہے کہ ناشتے میں اپنے پسند کی مزیدار غذا کھانا سیریل (دلیہ) کھا کر دن آغاز کرنے سے بہتر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پیزا میں پروٹین کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو آپ پورا دن ترو تازہ اور چاق و چوبند رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیزا کے اندر شکر کی مقدار بالکل نہیں ہوتی جو کہ اکثر سیریل میں پائی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پیزا کو ناشتے میں کھانے کے اعتبار سے ایک صحت مند اور مناسب غذا کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
اگر پیزا کا سیریل میں موجود غذائیت سے موازنہ کیا جائے تو پیزا میں کاربو ہائیڈریٹس، پروٹین اور فیٹ موجود ہے جب کہ ایک پیالے سیریل میں صرف شکر اور کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔
غذائی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان تمام باتوں کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ آپ ناشتے میں ہر روز پیزا کھائیں بلکہ اپنی خوراک کو معتدل تناسب سے لیں۔