Time 01 اکتوبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

مہوش حیات سے حامد میر کا سوال

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام 

معروف اداکارہ مہوش حیات نے کشمیر کے مسئلے پر جواب دینے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے وہ تنقید کی زد میں آگئیں۔

تمغہءامتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات سے گزشتہ دنوں تقریب کے دوران ایک رپورٹر نے کشمیر کے مسئلے پر سوال کیا کہ’ جیسے انہوں نے یتیموں کی کفالت کا ذمہ اٹھایا ہے، کیا وہ کشمیر کے بچوں کی کفالت کا بھی ذمہ اٹھائیں گی؟‘ 

اس پر اداکارہ نے کہا کہ ’انہیں اس حوالے پر تبصرہ کرنے سے منع کیا گیا ہے‘ اس جواب کے باوجود رپورٹر نے ان سے دوبارہ سوال کرنے کی کوشش کی جس پر اداکارہ مہوش حیات نے جواب دینے سے انکار کردیا۔


مہوش حیات کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ انہیں اس حوالے سے بات کرنے پر کس نے منع کیا ہے؟ جب کہ اداکارا کو اس حوالے سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ٹوئٹر پر زارا علی نامی صارف نے لکھا کہ آپ کو تمغہ امتیاز تو مل گیا مگر آپ اس کے قابل نہیں تھیں۔


دوسری جانب معروف صحافی حامد میر نےبھی اداکارہ مہوش حیات سے سوال کیا کہ ’آپ کو اس بات سے ضرور پردہ اُٹھانا چاہیے تھا کہ کس نے آپ کو کشمیر کے مسئلے پر بولنے سے منع کیا ہے،آزادی اظہار رائے ہمیں آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت دی گئی ہےاور اس کی خلاف ورزی کرنا جرم ہے‘ ۔


اس تمام تر صورتحال کا سامنا کرنے کے بعد اداکارہ مہوش حیات نے وائرل ہونے والی ویڈیو پر اپنا ردعمل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے ظاہر کیا۔


اداکارہ مہوش حیات نے ٹوئٹ کیا کہ ’وائرل ویڈیو میں مجھےسیاق و سباق سے ہٹا کر دکھایا جارہا ہے، میں کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے سب سے زیادہ بات کرتی ہوں اور کرتی بھی رہوں گی، میرے مستقبل میں اقدامات کے حوالے سے بہت منصوبے ہیں‘۔

مہوش حیات نے مزید کہا کہ یہ ایک فلاحی پروگرام تھا اور پی آر کی طرف سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ سیاسی حالات کے حوالے سے کوئی بات نہ کریں کیونکہ آپ یہاں غریبوں اور یتیموں کی مدد کی غرض سے آئی ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی اور بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فلموں میں اسلام اور پاکستان کی تصویر کشی کے حوالے سے سوشل میڈیا پرکافی ایکٹو نظر آتی ہیں جب کہ ان کے موقف کو مداحوں کی جانب سے کافی سراہا بھی جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مہوش گزشتہ دنوں امریکا کے دورے پر تھیں جہاں انہوں نے عالمی شہرت یافتہ اور مودی حکومت کی حمایت کرنے والی بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس سے بھی ملاقات کی تھی۔

اس کے علاوہ انہوں نے یو ایس اوپن چیمپیئن شپ میں بھی شرکت کی تھی جن کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کی جانب سے شئیر کی گئی تھیں۔

مزید خبریں :