پاکستان
Time 01 اکتوبر ، 2019

کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی میں کمی، کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ شروع

فائل فوٹو—

کراچی: فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے جس کے باعث شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق حبکو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو 650 کے مقابلے 400 میگاواٹ تک بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سسٹم میں کے الیکٹرک کو فراہمی کے لیے بجلی کی کمی نہیں صرف فنی خرابی مسائل پیدا کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فنی خرابی 27 سمتبر سے ہے جس کو ٹھیک کرنے کا عمل جاری ہے۔

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ

دوسری جانب شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کا دورانیہ 10 گھنٹے سے زائد ہوگیا ہے اور لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے، مختلف علاقوں میں فنی خرابی اور کیبل فالٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش کی جارہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے کچھ علاقوں کو لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،  500 کے وی ٹرانسمیشن لائن 29 ستمبر کو متاثر ہوئی تھی جب کہ کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی سے 250 میگاواٹ کمی کا سامنا ہے، 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کیلئے این ٹی ڈی سی سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک شارٹ فال پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، بارشوں میں گرمی بڑھنے اور کم ہوا سے بھی سپلائی میں کمی ہوئی، مرمت مکمل ہوتے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پر آجائے گی۔

مزید خبریں :