لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو وزنی بالوں کا گچھا برآمد

فوٹو: بشکریہ مرر یو کے

روس میں لڑکی کے پیٹ سے انسانی بالوں سے بننے والے 20 انچ بڑے اور تقریباً 2 کلو وزنی بالوں کے گچھے کو آپریشن کرکے نکال دیا گیا۔

یہ انوکھا واقعہ روس میں پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکی کو پیٹ میں شدید تکلیف اور طبیعت بگڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان لڑکی کو ہر کھانے کے فوراً بعد اُلٹی ہوجاتی تھی جس کے باعث وہ کافی کمزور محسوس کرنے لگی تھی۔

اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹرز نے لڑکی کے کئی ٹیسٹ کیے جس کے بعد انہیں یہ معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں شاید پتھری یا کوئی ایسی ٹھوس چیز موجود ہے جو ہضم نہیں ہوسکتی۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ مریضہ کی رپورٹس کے مطابق اس ٹھوس چیز نے لڑکی کے پیٹ میں تقریباً تمام جگہ کو گھیرا ہوا تھا اور اسی وجہ سے اس کے پیٹ میں شدید تکلیف تھی جب کہ اس کی آنتوں میں بھی انفیکشن پایا گیا تھا۔

سرجن کی ٹیم نے تمام ٹیسٹ کے بعد جب لڑکی کا آپریشن کیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران ہوگئے کہ اس کے پیٹ میں وہ ٹھوس چیز 2 کلو وزنی بالوں سے بنا ہوا ایک گیند نما گچھا تھا جو 20 انچ چوڑا تھا۔

لڑکی کا آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں بہت سے بچوں کی یہ عادت ہوتی ہے جس میں وہ اپنے بالوں کو منہ میں لینے اور چبانے کے عادی ہوتے ہیں،  یہ عادت زیادہ تر نوجوان لڑکیوں میں پائی جاتی ہے جو کہ اکثر بالوں کو منہ میں لیتے ہوئے یا چباتے ہوئے نِگل بھی لیتی ہیں۔

لڑکی کی والدہ کے مطابق آپریشن کے بعد ان کی بیٹی اب مکمل طور پر صحت یاب ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو اپنے ہی بالوں کو نگل لیتے ہیں وہ ایک نفسیاتی بیماری کا شکار ہوتے ہیں جسے ’ٹریکو فیگیا‘ کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس عادت کا آغاز ایسے ہوتا ہے جب لوگوں کو اپنے بالوں کو کھینچنے کی غیر متوقع خواہش ہوتی ہے جسے ’ٹرائکوٹیلومانیہ‘ یا بال کھینچنے کی بیماری بھی کہتے ہیں۔

 یہی وجہ ہے کہ جب یہ عادت بڑھ جاتی ہے تو پھر اُن لوگوں میں اپنے بالوں کو نگلنے کی خواہش بھی ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

مزید خبریں :