Time 05 اکتوبر ، 2019
صحت و سائنس

دماغی صحت کو متاثر کرنے والی غذائیں

فوٹو: فائل

دماغ انسانی جسم کا وہ اہم جُز ہے جس کے بغیر جسم کوئی حرکت نہیں کر سکتا، اگر دماغ صحیح کام کرے گا تو اس کا اثر انسانی جسم کی کارکردگی پر  براہ راست ہو گا۔

طبی ماہرین کے مطابق صحت مند غذا جسم کے تمام اعضاء کے لیے نہایت ضروری ہے، اگر آپ روزمرہ صحت مند خوراک کا استعمال نہیں کریں گے تو اس سے آپ کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔

ہم روزانہ کی بنیاد پر کچھ ایسی چیزیں کھا رہے ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہمیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس کے صحت پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو چند ایسی غذاؤں کے بارے میں بتائیں جو دماغی صحت کو متاثر کرتی ہیں۔

1۔ میٹھے مشروبات

فوٹو: فائل

کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس جیسے مشروبات جن میں سوڈا وغیرہ شامل ہوتا ہے، اگر آپ ان ڈرنکس کا استعمال معمول بنا لیں گے تو یہ ذیابیطس، بلند فشار خون، ہائی کولیسٹرول اور ڈائمنشیا جیسی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔

میٹھے مشروبات جس میں ’آرٹیفیشیل سوئٹنر‘ کا استعمال کیا جاتا ہے، اگر اسے روز مرہ کی غذا میں شامل کر لیا جائے گا تو اس سے انسان کے اندر سیکھنے کی صلاحیت، حافظہ، اور دماغی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

2۔ ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس

فوٹو: فائل

ایسی چیزیں جس میں ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس، یعنی اناج کو بہت سے مراحل سے گزارنے کے بعد جو چیز سامنے آتی ہیں، جن میں ڈبل روٹی، پاپے، بسکٹس وغیرہ شامل ہوتے ہیں، یہ چیزیں خوراک میں روز شامل کرنے سے جسم میں شکر کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے کیونکہ کاربوہائیڈریٹس جسم میں داخل ہو کر شکر میں تبدیل ہو جاتے ہیں، ان چیزوں کے روزانہ استعمال سے بھی انسان کا حافظہ اور سوچنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جو بالآخر ڈائمنشیا کا باعث بنتا ہے۔

3۔ تلی ہوئی چیزوں کا استعمال

فوٹو: فائل

تلی ہوئی چیزیں کھانے میں تو بے حد مزیدار ہوتی ہیں مگر ہم نے کبھی یہ سوچا ہے کہ انہیں کھانے سے ہماری صحت پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ تلی ہوئی اشیاء کھانے سے انسان موٹاپے کا شکار ہو جاتا ہے اور جسم میں کولیسٹرول کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے۔

موٹاپے کا تعلق براہ راست دماغ سے ہوتا ہے کیونکہ موٹاپے سے انسان سُستی کا شکار ہو جاتا ہے اور آہستہ آہستہ دماغ اپنی قدرتی صلاحیت سے محروم ہوتا رہتا ہے۔

4۔ گوشت کا زیادہ استعمال

فوٹو: فائل

گوشت انسان کی صحت کے لیے فائدہ مند تو ہے مگر اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال انسان کو بیماریوں کی طرف لے جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق خوراک میں گوشت کے استعمال کو معمول بنانے سے الزائمر کی بیماری ہونے کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ گوشت میں آئرن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، اگر ہم روز آئرن کا اضافی استعمال کر یں گے تو اس سے دماغ کی صحت متاثر ہونے کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :