مچھلی، پیاز اور چاول سے بنا ’کھانے کا سمندر‘

فوٹو: بشکریہ گینیز ورلڈ ریکارڈ

ہم نے بے شمار  پکوان کھائے اور دیکھے ہوں گے مگر کیا آپ نے کبھی ایسی ڈِش کے بارے میں سُنا ہے جو ’کھانے کے سمندر‘ کی طرح لگتی ہو؟ 

شاید آپ کو کھانے کے سمندر والی بات عجیب معلوم ہو لیکن سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے حسین سلام نے 600 کلو گرام ’مونسٹر ڈِش‘ بنا کر  ناصرف سب کو حیران کیا بلکہ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

حسین نے عرب کی مقبول ترین ڈش ’صیادیہ‘ کو سب سے زیادہ مقدار میں بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ صیادیہ کو بنانے کے لیے مچھلی، چاول اور پیاز استعمال کی جاتی ہے اور  یہ اپنے بہترین ذائقے کی وجہ سے عرب کی مقبول ترین ڈش ہے۔

فوٹو: بشکریہ گینیز ورلڈ ریکارڈ

حسین سلام جو S7S کے نام سے جانے جاتے ہیں، یہ ایک مشہور یوٹیوبر ہیں اور کھانے پینے کا کافی شوق رکھتے ہیں، حسین سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایسے شخص ہیں جو کہ ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کھانا کھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی یہ خواہش تھی کہ سب سے زیادہ مقدار میں کھانا بنا کر اپنے اندر چُھپے ٹیلینٹ کو دنیا کے سامنے لایا جائے۔

جب پکوان تیار کرنے کا وقت آیا تو انہوں نے سعودی عرب کی روایت اور ثقافت کو مد نظر رکھتے ہوئے ’صیادیہ‘ کا انتخاب کیا کیوں کہ یہ ڈِش سعودی عرب کی ثقافتی خوراک کی عکاسی کرتی ہے۔

فوٹو: بشکریہ گینیز ورلڈ ریکارڈ

حسین سلام نے بتایا کہ میں ہمیشہ وزن کے حوالے سے ٹریننگ حاصل کرتا رہتا تھا مگر میں نے کبھی بھی ڈائٹ نہیں کی، امریکا اور کینیڈا سے سعودی عرب واپس آنے کے بعد میں نے بہتر جسمانی نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنی صحت اور خوراک پر توجہ دینا شروع کی اور زیادہ سے زیادہ دیکھ بھال کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی لمحے مجھے اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کا پتہ لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں گھر میں تھا اور مجھے بہت بھوک لگی تو میں نے کھانا کھایا اور اتنا کھایا کہ میں اپنے آپ کو روک نہیں سکا، اس دن مجھے یہ معلوم ہوا کہ یہ میرے اندر ایک ٹیلینٹ ہے اور میں ایک وقت میں بہت زیادہ مقدار میں کھانا کھا سکتا ہوں، اب میرے معدے کا منہ بڑا ہوگیا ہے اور میں زیادہ مقدار میں با آسانی کھا لیتا ہوں۔

فوٹو: بشکریہ گینیز ورلڈ ریکارڈ

 حسین کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں جب کہ یوٹیوب پر انہیں 800،000 سے زیادہ لوگوں نے سبسکرائب کر رکھا ہے، یہ اپنے چینل پر زیادہ مقدار میں کھانا کھانے کی ویڈیوزبنا کر ڈالتے تھے جس کے بعد یہ لوگوں میں کافی مقبول ہو گئے۔

حسین سلام کا کہنا ہے کہ یہ میری خواہش تھی کہ میں دنیا کا پہلا عرب سے تعلق رکھنے والا وہ شخص بنوں جس نے بڑی تعداد میں کھانا کھانے اور بنانے کا مقابلہ کیا ہو۔

600 کلو مونسٹر ڈش ’صیادیہ‘ کو بنانے کے بعد اس وقت موجود لوگوں میں تقسیم کیا گیا جب کہ باقی کھانا سعودی عرب کے ضرورت مند لوگوں کو عطیہ کر دیا گیا۔