09 اکتوبر ، 2019
فیصل آباد میں ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کیلئے سندھ کی 16 رکنی فرسٹ الیون ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
قومی ٹورنامنٹ میں فرسٹ الیون کے میچز 13 اکتوبر سے فیصل آباد میں ہوں گے جبکہ سیکنڈ الیون کے میچز بیک وقت کراچی میں ہو٘ں گے۔
مقابلوں کیلئے سندھ فرسٹ الیون کی ٹیم کے اعلان کیلئے پریس کانفرنس میں سندھ کے ہیڈ کوچ اعظم خان کو تابش خان کی ٹیم میں عدم شمولیت پر تابڑ توڑ چبھتے ہوئے سوالات کا سامنا کرنا پڑا جس پر ایک موقع پر اعظم خان خفا ہوگئے اور کہا کہ کیا پریس کانفرنس صرف ایک شخص پر بات کرنے کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ تابش خان فور ڈے کرکٹ کا پلیئر ہے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اس کی جگہ نہیں بنتی، میر حمزہ، محمد حسنین اور سہیل خان پہلے ہی ٹیم میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انور علی کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ڈاکٹرز نے انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے مکمل فٹ قرار دیا ہے۔
اعظم خان نے کہا کہ ٹیم کو فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون کی باہمی مشاورت کے ساتھ، آزاد پینل سے موصول 35 کھلاڑیوں کی فہرست میں سے تیار کیا گیا ہے، ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بیلنس موجود ہے۔
سندھ کی فرسٹ الیون ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ اسد شفیق، خرم منظور، عمیر بن یوسف، فواد عالم، انور علی، سعد علی، سہیل خان، سعود شکیل، کاشف بھٹی، ولید احمد، عابد علی، احسن علی، میر حمزہ، محمد حسنین اور مزا احسن جمیل شامل ہیں۔