دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2019

دبئی کے حکمران کی نوجوان گھوڑے کیلئے ریکارڈ بولی

دوباوی نسل کےگھوڑے کی تصویر

ریس کے لیے اچھی نسل کا گھوڑا خریدنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم  نے 40 لاکھ ڈالرز سے زائد کا ایک ریس کا گھوڑا خرید کر دنیا کو حیران کر دیا۔

شیخ محمد بن راشد المختوم نے انگلینڈ میں ہونے والی ایک نیلامی میں سخت مقابلے کے بعد 43 لاکھ 56 ہزار امریکی ڈالرز کی بولی لگا کر ایک نوجوان گھوڑے "دوباوی" کو خریدا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں مستقبل کا سپراسٹار بننے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں۔

شیخ محمد کے ترجمان انتھونی اسٹروڈ کا کہنا ہے یہ ایک زبردست ایتھلیٹ گھوڑا ہے جسے شیخ محمد نے پسند کیا اور بولی کے لیے اس کا انتخاب کیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ گھوڑا ہمیں توقع سے زیادہ مہنگا پڑا لیکن آپ کو اس قسم کے گھوڑے حاصل کرنے کے لیے ایسا کرنا پڑتا ہے۔

شیخ محمد کو گھوڑوں کی ریس کے بڑے گروپ گوڈولفن کے کرتا دھرتاؤں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ کئی اعلیٰ نسل کے گھوڑوں کے مالک ہیں۔

نوجوان گھوڑے کو خریدنے کے لیے انہیں ریسنگ کی دنیا میں اپنے مخالف گروپ کولمور سے سخت مقابلے کا سامنا رہا جو اس گھوڑے کو خریدنے کے لیے دلچسپی رکھتا تھا۔

برطانیہ میں گھوڑوں کی پرورش کرنے والے نامور ادارے ہیزل ووڈ بلڈ اسٹاک کے ایجنٹ ایڈریان اوبرائن کا کہنا ہے کہ میں خوشی سے پھولے نہیں سما رہا، یہ بہت ہی اچھا گھوڑا ہے جس نے کبھی کوئی ریس نہیں ہاری، اس گھوڑے کی فروخت میرے لیے ناقابل یقین ہے اور میں خود کو چاند پر محسوس کر رہا ہوں۔

ایڈریان اوبرائن کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم تھا کہ بہت سے لوگ اس گھوڑے میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ جس کسی نے بھی اسے دیکھا پسند کیا۔

مزید خبریں :