سائیکلوں کی سیٹیں چرانے والا بوڑھا چور

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

ایسے چوروں کے بارے میں تو ہم نے اکثر ہی سنا ہو گا جو گاڑیاں، موٹر سائیکلیں یا سائیکلیں چراتے ہیں، مگر آپ نے سائیکلوں کی سیٹیں چرانے کے بارے میں شاید ہی کبھی سنا ہو۔ 

ٹوکیو سے تعلق رکھنے والا 61 سالہ شخص جسے حال ہی میں جاپان پولیس نے ایک ایسے جرم میں گرفتار کیا جو کہ سب کے لیے حیرانگی کا باعث بنا۔

پولیس کے مطابق اکیو ہیتوری نامی یہ شخص لوگوں کی سائیکلوں کی سیٹیں چراتا تھا اور اس کے پاس سے 159 سائیکلوں کی سیٹیں برآمد ہوئیں۔ یہ شخص بدلے کے طور پر دوسروں کی سائیکلوں کی سیٹیں چرایا کرتا تھا کیونکہ پچھلے سال کسی نا معلوم شخص نے اس کی سائیکل کی بھی سیٹ چرائی تھی۔

اکیو ہیتوری کو 29 اگست کو سائیکلوں کی سیٹیں چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ کچھ روز قبل ہمیں ایک شخص کی جانب سے شکایت موصول ہوئی جس کا کہنا تھا کہ اس کی سائیکل کی سیٹ چوری ہوگئی ہے جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے عمل کا آغاز کیا۔

دوران تفتیش پولیس کو ایک سی سی ٹی وی ویڈیو ملی جس میں دیکھا گیا کہ سائیکل سوار ایک شخص گلی میں کھڑی ہوئی سائیکل کے پاس آکر رُکا، اور اس نے گھر کے باہر کھڑی سائیکل کی سیٹ نکالی اور اسے اپنی سائیکل کی ٹوکری میں ڈال کر بڑے ہی آرام سے وہاں سے چلا گیا۔

پولیس افسران نے ویڈیو دیکھنے کے بعد اس شخص کی تلاش شروع کر دی اور انہوں نے اکیو ہیتوری نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔

 پولیس کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ایک سیٹ کو ڈھونڈنے کی خاطر اکیو ہیتوری کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور ہم اس کے گھر میں یہ منظر دیکھ کر حیران ہو گئے کے اس کے پاس ایک نہیں بے شمار سائیکلوں کی سیٹیں موجود ہیں جن کی تعداد 159 ہے۔


61 سالہ شخص نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ پچھلے سال ان کی سائیکل کی سیٹ چوری ہو گئی تھی اور اس معاملے کو انہوں نے پولیس میں رپورٹ نہیں کرایا تھا، جس کے بعد انہوں نے بدلے کے طور پر سب کی سائیکلوں کی سیٹیں چرانے کا فیصلہ کیا۔

اکیو ہیتوری نے پولیس کو بتایا کہ میں چاہتا تھا کہ میری سائیکل کی سیٹ چوری ہونے کے بعد مجھے جو تکلیف ہوئی دوسروں کو بھی ویسے ہی تکلیف محسوس ہو۔

پولیس نے چوری کی اس انوکھی واردات کو میڈیا میں پیش کیا جبکہ مجرم اکیو ہیتوری پولیس کی تحویل میں ہے۔

مزید خبریں :