انڈے کے چھلکے اور تربوز کے بیج میں چھپے فوائد

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ہم شروع سے جو چیزیں اپنے بڑوں کو کرتے ہوئے دیکھتے ہیں آگے جا کر ہم بھی اپنی زندگی میں وہی سب چیزیں کرتے ہیں، کیا ہم نے کبھی اس بات پر غور کیا ہے کہ ہم تربوز کے بیج کیوں پھینکتے ہیں، سیب کاٹتے وقت بیچ کا حصہ کیوں نہیں کھاتے یا انڈوں کے چھلکوں کو ہم نے کوڑے دان کے لیے ہی مختص کیوں کردیا ہے؟

آج ہم آپ کو ان تمام تر باتوں کے جواب دیں گے، جو چیزیں آپ کوڑے دان میں پھینکنا پسند کرتے ہیں ان کے فوائد جاننے کے بعد آپ آج کے بعد سے انہیں کبھی بھی نہیں پھینکیں گے۔

موجودہ دور میں جہاں کھانے پینے کی چیزوں کو حد سے زیادہ ضائع کیا جاتا ہے, ان باتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کھانے پینے کا ٹرینڈ پرانے ادوار سے خاصا مختلف ہوگیا ہے۔

 پھل یا سبزی کے کسی بھی حصے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوڈ بلاگرز اور متعدد شیف اب بہت سی ایسی ترکیبوں پر کام کر رہے ہیں جس میں کھانے پینے کی ہر چیز مکمل استعمال کی جا سکے گی۔

وہ چیزیں جنہیں ہم کچرے کے ڈبے میں ڈالتے ہیں ان کے فوائد جانیے!

انڈوں کے چھلکے:

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ہم نے کبھی بھی انڈے کے چھلکوں پر غور نہیں کیا ہوگا، ماہرین خوراک کے مطابق انڈوں کے چھلکوں میں دودھ سے زیادہ مقدار میں کیلشیم پایا جاتا ہے جو کہ ہڈیوں کی مضبوطی، دانت اور ناخن کی صحت کے لیے بے حد مفید سمجھا جاتاہے۔

2013 میں ایک تحقیق کی گئی جس کے مطابق بڑے انڈے کے آدھے چھلکے میں کیلشیم کی اتنی مقدار ہوتی ہے جتنی انسان کو ایک دن میں لینی چاہیے جب کہ انہوں نے بتایا کہ ایک گلاس دودھ میں آدھے انڈے کے چھلکے سے 3گنا کم کیلشیم ہوتا ہے۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ خوراک میں انڈوں کے چھلکے کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو انڈوں کے چھلکوں کو تیز گرم پانی میں ابالنا ہوگا کیون کہ ان میں جراثیم پائے جاتے ہیں، انہیں ابالنے کے بعد اس کا باریک پاؤڈر بنا کر ان کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تربوز کے بیج:

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ہم میں سے بہت لوگ تربوز کے بیج نکال دیتے ہیں اور ہمیں یہ بالکل پسند نہیں ہوتے مگر 2چمچ تربوز کے بیج میں 10گرام پروٹین پایا جاتا ہے، پروٹین جسم میں پٹھوں کی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہے۔

 ماہرین کے مطابق تربوز کے بیجوں میں وٹامن بی بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ دماغ اور خون کے لیے بے حد مفید ہے ۔

مارکیٹ میں تربوز کے خشک بیج باآسانی مل جاتے ہیں اور آپ بھی گھر میں خود سکھا کے ان بیجوں کو استعمال کر سکتے ہیں یہ صحت کے لیے بے حد فائدے مند ہیں۔

سیب کے بیچ کا حصہ:

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

ہم میں سے بہت سے لوگ سیب کے بیچ کا حصہ بچا دیتے ہیں حالانکہ یہ حصہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے ۔

 ماہرین کے مطابق سیب کے اس حصے میں موجود غذائیت نظام ہاضمہ اور قوت مدافعت کو مضبوط کرنے کے لیے بہت معاون ہے اسی لیے سیب کو ہمیشہ پورا کھائیں۔

مزید خبریں :