Time 15 اکتوبر ، 2019
پاکستان

برطانوی شاہی جوڑے کی رکشہ میں یادگارِ پاکستان آمد


پاکستان کے  دورے پر آئے برطانوی شاہی جوڑے کے اعزاز میں یادگارِپاکستان  اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے خوبصورت نقش ونگار سےسجے رکشے میں پاکستان مونومنٹ پہنچے۔

شاہی جوڑا جیسے ہی تقریب میں پہنچا تو ان کا روایتی موسیقی کی دھنیں بجا کر استقبال کیا گیا،شرکاء نے بھی شاہی جوڑے کی آمد پر تالیاں بجاکربھرپور خیرمقدم کیا۔

پاکستان کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے شاہی جوڑے نے بھی سبز رنگ کا لباس پہن رکھا تھا ۔

پاکستان کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے شاہی جوڑے نے بھی سبز رنگ کا لباس پہن رکھا تھا— فوٹو: ٹوئٹر

شہزادہ ولیم نے گہرے ہرے رنگ کی شیروانی اور چوڑی دار پاجامہ زیب تن کیا ہوا تھا جب کہ کیٹ مڈلٹن نے گہرے سبز رنگ کی میکسی پہنی ہوئی تھی۔

شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر شکر پڑیاں اسلام آباد میں موجود یادگارِ پاکستان کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان، ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور و دیگر نے شرکت کی — فوٹو: ٹوئٹر

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان، ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور، وفاقی وزیردفاع، داخلہ اور معاون خصوصی اطلاعات سمیت کئی وزراء، مشیروں اور اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔

برطانوی شاہی جوڑے نےبھرپور میزبانی اور تقریب کے انعقاد پرشرکاء کا شکریہ ادا کیا— فوٹو: سوشل میڈیا

ا س موقع پر شوبز سے تعلق رکھنے والی نامور پاکستانی شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

شہزادہ ولیم نے اپنے خطاب کا آغاز اردو میں السلام علیکم اور شکریہ پاکستان سے کیا،برطانوی شاہی جوڑے نےبھرپور میزبانی اور تقریب کے انعقاد پرشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

کیٹ مڈلٹن نے گہرے سبز رنگ کی میکسی پہنی ہوئی تھی— فوٹو : سوشل میڈیا

شاہی جوڑے کی مصروفیات

اس سے قبل شاہی جوڑے نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں جبکہ ایک اسکول کا بھی دورہ کیا۔

صدر عارف علوی سے ملاقات کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کو سراہا۔

شہزادہ ولیم نے اپنے خطاب کا آغاز اردو میں السلام علیکم اور شکریہ پاکستان سے کیا— فوٹو: سوشل میڈیا

بعدازاں شاہی جوڑے نے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں نے وزیراعظم سمیت مختلف رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی۔

وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شوبز سے تعلق رکھنے والی نامور پاکستانی شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں— فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان نے شاہی جوڑے کوماحول دوست اقدامات اور بلین ٹری منصوبے سے آگاہ کیا۔ شاہی جوڑے کیلئے پرائم منسٹر ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

شاہی جوڑے کی آمد پر راولپنڈی میں رکشہ پر خیرمقدمی بینر — فوٹو: آئی این پی

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 4 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، دونوں 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کریں گے اور یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے ادارے ایس او ایس ویلج اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔


برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے بھی سجایا گیا ہے

برطانوی شاہی مہمان 17 اکتوبر ایک دن چترال میں گزاریں گے جہاں سے واپسی پر 18 اکتوبر کی دوپہر ڈیڑھ بجے وہ برطانیہ روانہ ہو جائیں گے۔


مزید خبریں :