کھیل
Time 16 اکتوبر ، 2019

محمد آصف اور سجاد رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

ٹاپ سیڈ محمد آصف نے سیڈ نمبر نو سہیل شہزاد کیخلاف صرف ایک فریم ڈراپ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی— فوٹو: جیو نیوز

ٹاپ سیڈ محمد آصف اور سابق چیمپئن محمد سجاد کراچی میں جاری تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ۔ محمد سجاد 2017 کے بعد پہلی مرتبہ کسی قومی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچے ہیں۔

کراچی جیم خانہ میں جاری چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں سیڈ نمبر بارہ محمد سجاد اورسیڈ نمبر چار محمد بلال کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ۔

دو گھنٹہ پچاس منٹ جاری رہنے والے اس میچ میں بلال کو ایک موقع پر 2-4کی برتری حاصل تھی لیکن محمد سجاد نے مسلسل تین فریمز جیت کر مقابلہ 5-4 سے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

انہوں نے آخری فریم میں 117 کا بریک بھی کھیلا ۔ محمد سجاد 2017 میں 43 قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی قومی ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پہلے سیمی فائنل میں سیڈ نمبر بارہ محمد سجاد اورسیڈ نمبر چار محمد بلال کے درمیان سخت مقابلہ ہوا—فوٹو: جیو نیوز

دوسرے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ محمد آصف نے سیڈ نمبر نو سہیل شہزاد کیخلاف صرف ایک فریم ڈراپ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ سہیل شہزاد نے پہلا فریم ہارنے کے بعد دوسرا فریم جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کیا لیکن اس کے بعد آصف نے انہیں مزید کوئی فریم جیتنے کی مہلت نہ دی اور 1-5 سے فتح اپنے نام کرلی ۔

بیسٹ آف 13 فریمز پر مشتمل فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ محمد سجاد اور محمد آصف کے درمیان صبح دس بجے شروع ہونے والا فائنل پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔

مزید خبریں :