17 اکتوبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کردیا جس کے تحت نوجوانوں کو 10 ہزار روپے سے 50 لاکھ تک قرض مل سکے گا، نوجوانوں کو کاروبار، اعلیٰ تعلیم، ہنر کے مواقع دیے جائیں گے، نوجوان گھربیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
کنونشن سینٹراسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب ہوئی جس سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’کامیاب جوان پروگرام پر عثمان ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، کامیاب جوان پروگرام کی سب سے اہم چیز میرٹ ہے، پروگرام کا پہلا فیز شروع کیا جارہا ہے‘۔
وزیراعظم نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اس پروگرام کیلئے 100 ارب مختص کیے ہیں، یہ قرضے نوجوانوں کیلئے ہیں، 25 ارب روپے صرف خواتین کیلئے ہوں گے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’ایک لاکھ تک قرضہ بلاسود دیا جائے گا، یہ قرضے 45 کمزور اضلاع میں دیے جائیں گے،5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک قرضے میرٹ پر دیے جائیں گے، قرضہ میرٹ پر ملے گا کوئی سفارش نہیں چلے گی، ہم نے سب کو قرض دینا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے۔
مدینہ کی ریاست پہلے دن نہیں بن گئی تھی، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’مدینہ کی ریاست پہلے دن ہی نہیں بن گئی تھی، آہستہ آہستہ تبدیلی لے کر آرہے ہیں، مدینہ کے لوگوں نے اپنے کردار کو بدلا، پاکستانی قوم بہت جلد ایک عظیم قوم بنے گی، اس میں کوئی شک نہیں ہے‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ سچائی کی طاقت نہ بھولیں، سچے انسانی کی قدر ہوتی ہے، تاجروں کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہم نے ٹیکس نہیں دینا، ہمیں ذہن بدلنا ہوگا، بھیک مانگ کر خود دار قوم نہیں بنتی، ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا‘۔
مجھے پتہ ہے یہ پہلی اسمبلی ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم فضل الرحمان کے لوگوں کو بھی قرضے دے دیں گے اگر وہ میرٹ پر آگئے، مجھے پتہ ہے یہ پہلی اسمبلی ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس نوجوان ہیں جو بہت بڑی طاقت ہیں، ملک بھر میں 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے۔
فیصلہ کیا ہے مدرسے کے بچوں کو اپنا بچہ سمجھنا ہے، وزیراعظم
اپنے خطاب میں عمران خان نے مزید کہا کہ ’مدرسوں کے اندر 500 اسکل لیبارٹری بنارہے ہیں، فیصلہ کیا ہے کہ مدرسے کے بچوں کو اپنا بچہ سمجھنا ہے، انہیں دینی تعلیم کے ساتھ سائنسی تعلیم بھی دلوانی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ مدرسوں کے علماء سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے تبادلہ خیال کیا ہے، ہم یکساں تعلیمی نظام لائیں گے۔
نوجوانوں کیلئے تین نئے پروگرامز لارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت نوجوانوں کیلئے مزید تین پروگرامز لارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے پاکستان کیلئے ایک یوتھ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن بنارہے ہیں، گرین یوتھ موومنٹ میں نوجوانوں کی ممبر شپ کریں گے، پانچ سال میں ہم نے 10 ارب درخت لگانے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ نیشنل انٹرن شپ پروگرام بھی لارہے ہیں، نوجوانون کو مختلف صنعتوں میں انٹرن شپ کروائیں گے۔