بھارت میں طلباء کو نقل سے روکنے کیلئے انوکھا طریقہ

بنگلورو کی ایک یونیورسٹی میں طلباء کو نقل سے روکنے کے لیے سر پر گتے پہنا کر امتحان لیا گیا— اے این آئی /ٹوئٹر فوٹو

بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں طلباء کو نقل کرنے سے روکنے کے لیے سر پر گتے پہنا کر امتحان لیا گیا جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے کیے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے بنگلورو کی ایک یونیورسٹی میں طلباء کو نقل سے روکنے کے لیے سر پر گتے پہنا کر امتحان لیا گیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تمام طلبہ اور طالبات ہیلمٹ کی طرح گتے سے سر کو ڈھانپے امتحان دے رہے ہیں، اس دوران صرف آنکھوں والے حصے سے وہ دیکھ سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد یونیورسٹی حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ یہ طلباء ہیں جانور نہیں۔


اس عمل کو کرناٹکا کے تعلیمی وزیر نے بھی ناقابل برداشت قرار دیا اور کہا کہ امتحانات میں طلباء کا نقل کرنا ایک مسئلہ ہے لیکن اس کو حل کرنے کے لیے یہ رویہ اختیار کرنا بالکل مناسب نہیں ہے، جس کسی نے بھی اس طریقے کی اجازت دی ہے اسے اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے۔

دوسری جانب یونیورسٹی کے سربراہ نے گتوں کے ذریعے نقل روکنے کے طریقے پر وضاحت دی کہ ہمارے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، یہ طلباء کی بہتری کے لیے  ہے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کے دوران امتحان طلباء کا ذہن کہیں بھی بھٹکے اس لیے توجہ برقرار رکھنے کے لیے صرف آنکھوں والا حصہ کھولے رکھا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک نیا تجربہ تھا جس پر مثبت اور منفی دونوں اقسام کے ردعمل سامنے آئے۔

آئرنی مین نامی صارف نے اس  عمل کا تمسخر اڑاتے ہوئے لکھا کہ بچے، بڑے اور لیجینڈز۔



مزید خبریں :