سیکڑوں چوہوں کے ساتھ وین میں رہنے والی خاتون

فوٹو: بشکریہ انڈیپینڈنٹ یو کے

جانور  پالنے کا شوق عام طور پر بہت لوگوں میں پایا جاتا ہے اور عموماً لوگ کتے، بلیاں وغیرہ پالتے ہیں مگر ہم آپ کو آج ایک ایسی خاتون کے بارے میں بتائیں گے جس نے سیکڑوں چوہے پال رکھے ہیں۔ 

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں رہنے والی ایک خاتون جو کہ 300 سے زائد چوہوں کے ساتھ ایک وین میں رہائش پزیر ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون بے حد نرم مزاج ہیں مگر اب یہ صورتحال ان کے ہاتھوں سے نکل چکی ہے۔

اس کی شروعات اس وقت ہوئی جب خاتون نے صرف 2 چوہوں کے ساتھ ایک وین میں رہنا شروع کیا جس کے بعد ان چوہوں نے بچے دیئے اور ان کی تعداد میں بے حد تیزی سے اضافہ ہوتا گیا جو کہ اب یہ تعداد 320 تک جا پہنچی۔

فوٹو: بشکریہ انڈیپینڈنٹ یو کے

مقامی لوگوں نے جب یہ دیکھا کے وین سے ہر وقت چوہوں کا آنا جانا لگا ہوتا ہے تو انہوں نے خاتون کی شکایت کی۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد خاتون نے سین ڈیاگو ہیومن سوسائٹی سے فوراً مدد طلب کی کیوں کہ وہ اب ہار مان چکی تھیں۔

سین ڈیاگو ہیومن سوسائٹی کی رکن ڈینی کوک کا کہنا تھا کہ یہ خاتون تمام چوہوں کو روز کھانا اور پانی بھی پلاتی تھی مگر انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی تیزی سے ان چوہوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا اور اب ان کی تعداد اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ ان کو نہ کچھ کھلا سکتی ہے اور نہ ہی پلا سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ خاتون نے مدد طلب کی۔

فوٹو: بشکریہ انڈیپینڈنٹ یو کے

ہیومن سوسائٹی کی انتظامیہ کے مطابق خاتون کی وین سے تمام چوہوں کو نکالنے میں 2 دن لگے اور  انہیں اس وین سے چھوٹے بڑے ہر طرح کے چوہے ملے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں جانوروں سے بے حد پیار ہے اور انہیں جانوروں کے ساتھ رہنا اور ان کا خیال کرنا بے حد پسند ہے۔

خاتون کی وین اب رہنے کے قابل نہیں ہے اور اب انہیں رہنے کے لیے دوسری جگہ کا بندوبست کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ چوہوں نے ان کی وین میں ہر چیز کتر کر خراب کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چوہے ہر چند ہفتے بعد بچے دیتے ہیں اور ایک وقت میں مادہ چوہا 10 سے 12 بچوں کو جنم دیتی ہے۔ 

مزید خبریں :