23 اکتوبر ، 2019
رابی پیرزادہ نے گزشتہ ماہ جنگلی حیات کے ذریعے بھارتی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھانے پر للکارا تھا، اب گلوکارہ نے نریندر مودی پر خودکش دھماکے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن کچھ دیر بعد انہوں نے مذکورہ تصویر ڈیلیٹ کردی۔
رابی پیرزادہ اس سے قبل بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کی وجہ سے ایک کیس کا سامنا کر رہی ہیں اور اسی دوران انہوں نے ایک اور متنازع پوسٹ شیئر کی۔
گلوکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا گیا کہ رابی پیرزادہ نے خود کش جیکٹ پہن رکھی ہے۔
اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے خود کو کشمیر کی بیٹی اور مودی کو ہٹلر مخاطب کیا اور ساتھ ہی ان پر خودکش دھماکے کی خواہش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ پہلے بھی گلوکارہ جنگلی حیات سے مودی کو للکارنے پر سوشل میڈیا پر مداحوں کے دلچسپ تبصروں کی زینت بنی تھیں اور اب ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ان کے چرچے جاری ہیں۔
نایاب نامی مداح نے لکھا کہ ’رابی پیرزادہ مجھے عقل سے فارغ لگتی ہیں جب کہ سکی نامی مداح نے انہیں شیرنی کہا۔
شہریار نامی مداح نے رابی پیرزادہ کو تجویز پیش کی کہ آپ وہاں بھارت جائیں مودی سے ملاقات کریں اور یہ مودی کو دکھائیں۔
جب کہ گمنام خٹک نامی صارف نے گلوکارہ کی اس پوسٹ کو سستی شہرت قرار دیا اور لکھا کہ ’جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں اور جو برستے ہیں وہ گرجتے نہیں، کس حد تک جائیں گی شہرت کے لیے‘۔
بعدازاں مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد گلوکارہ نے انسٹاگرام سے اپنی پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ کی اژدھوں، سانپوں اور مگر مچھ کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہوئی جس پر محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے کارروائی کی گئی تھی۔
اس ویڈیو میں رابی پیرزادہ نے خود کو کشمیر کی بیٹی کے طور پر پیش کرتے ہوئے نریندر مودی کو للکارا تھا۔
بعدازاں لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں رابی پیرزادہ کے خلاف بغیر اجازت جنگلی حیات رکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے رابی پیرزادہ کے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ورانٹ منسوخ کر دیئے۔