Time 24 اکتوبر ، 2019
پاکستان

پاکستان نے ورلڈ بینک کی رینکنگ میں بہتری کی تاریخ رقم کر دی: وزیراعظم



وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ورلڈ بینک کی رینکنگ میں بہتری کی تاریخ رقم کر دی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا ہے اور یہی صورت حال جاری رہی تو ملک بہت جلد دیوالیہ ہو جائے گا۔

تاہم وزیراعظم کی معاشی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ حکومت کے مشکل فیصلوں کے باعث پاکستان درست معاشی سمت میں چل پڑا ہے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

اب وزیراعظم عمران خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر کے اپنے منشور میں کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ورلڈ بینک کی ای او ڈی بی رینکنگ میں اپنی تاریخ کی سب سے بہترین ترقی حاصل کی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کی رینکنگ 50 درجے نیچے گئی تھی لیکن اب ہم نے 28 درجے بہتری حاصل کی ہے اور ہم 135 سے 108 پر آ گئے ہیں۔


وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے محنت کر کے اس بہتری کو ممکن بنایا لیکن ہمیں اب بھی بہت آگے جانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 2020 کے آخر تک پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں شمار ہو گا۔



مزید خبریں :