Time 24 اکتوبر ، 2019
کھیل

ناردرن نے سیکنڈ الیون ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا


ناردرن نے سدرن پنجاب کو 40رنز سے شکست دے کر سیکنڈ الیون ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل جیت لیا ۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونےوالے سیکنڈ الیون ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل ناردرن اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں 7 وکٹ پر 196 رنز بنائے۔ شعیب احمد68 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والےجمال انور نے 21 گیندوں پر 40 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ۔

سدرن پنجاب کے ذوالفقار بابر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔

جواب میں ذیشان اشرف اور مختار احمد نے سدرن پنجاب کو 85 رنز کا آغاز فراہم کیا اور ذیشان اشرف نے 26گیندوں پر 61 رنز کی جارح اننگز کھیلی جب کہ مختار نے 22 رنز بنائے ۔

لیکن اس کے بعد پنجاب کا کوئی بیٹسمین اسکور کو آگے نہ بڑھا سکا اور اس کی آخری 6 وکٹیں 28 رنز کے اضافے سے گرگئیں اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

یوں ناردرن نے فائنل 40 رنز سے جیت لیا ۔

ناردرن کے اسامہ میر نے تین اور سلمان ارشاد نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

نعمان علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر جب کہ ذیشان اشرف کو بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :