30 اکتوبر ، 2019
ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے بنگلا دیش کو تیسرے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ کردیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر117 رنز اسکور کیے، جویریہ خان 54 اور عمیمہ سہیل 31 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
بنگلادیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
118 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش ویمن ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا سکی اور یوں اسے 28 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مہمان ٹیم کی بلے باز نگار سلطانہ نے 30 اور فرغانہ حق نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے انعم امین اور صبا نذیر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بہترین بیٹنگ پر پاکستان کی جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
بنگلا دیش کی جہاں آرا عالم اور پاکستانی کپتان بسمہ معروف کو مشترکہ طور پر ویمن آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ دو طرفہ سیریز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ 0-3 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دونومبر کو کھیلا جائے گا۔