Time 31 اکتوبر ، 2019
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ میں اب دفتری اوقات کے علاوہ بھی ایمرجنسی کیسز سنے جائیں گے

فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں اب دفتری اوقات کے علاوہ بھی ایمرجنسی کیسز سنے جائیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفتری اوقات کے بعد عام سائلین کے فوری نوعیت کے کیسز کے لیے 6 افسران کا تقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجاز افسران دفتری اوقات کے بعد بھی عام سائلین کی سہولت کے لیے دستیاب ہوں گے اور ہنگامی صورت میں ایڈیشنل رجسٹرار نوٹیفکیشن پر دیئے نمبر پر ہر وقت دستیاب ہوں گے۔

مجاز افسران میں ڈپٹی رجسٹرار سلطان محمود، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد اسد، اسٹنٹ رجسٹرار شیخ روہان، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد عرفان، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد ندیم اور ارباب محمد امجد شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قیدی کی جان کو شدید خطرہ ہونے پر دفتری اوقات کے علاوہ بھی سماعت کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا کیس جس پر چیف جسٹس مطمئن ہوں کہ فوری نوعیت کا ہے وہ بھی چھٹی کے روز سنا جائے گا۔

عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن کی کاپی ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :