پاکستان
Time 01 نومبر ، 2019

حکومت جادو ٹونے سے چل رہی اور تعیناتیاں پھونکیں مار کر ہو رہی ہیں: شہباز شریف


قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کا دماغ خالی ہے، یہ جادو ٹونے سے حکومت چلا رہا ہے اور پھونکیں مار کر تعیناتیاں ہو رہی ہیں۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا عمران نیازی نے کنٹینر کی سیاست شروع کی تھی، آج ان کی سیاست دفن ہو رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے، عمران نیازی سے جان چھڑانے تک ہم ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ یہ سمندر سلیکٹیڈ حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا، لاکھوں لوگ جمع ہیں جس پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ تبدیلی اب آئی ہے، پورے پاکستان کو اچھی طرح اندازہ ہو گیا ہے کہ نیا پاکستان بہتر تھا یا پرانا پاکستان، نواز شریف دور میں غریبوں کو مفت ادویات مل رہی تھیں، آج اسپتالوں میں غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر موت کے منہ میں جا رہا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ عمران خان ہمیں ڈینگی برادر کہتا تھا، اس سال 50 ہزار لوگ ڈینگی سے متاثر ہوئے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں لیکن عمران خان آج کہیں نظر نہیں آ رہے جب کہ نواز شریف کے قیادت میں ڈینگی کا خاتمہ کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا آج مزدور بے روز ہو گئے، کاروبار ختم ہو گئے، پاکستان کی معیشت دم توڑ گئی ہے، بیوہ اور یتیم آج جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا دل پتھر اور بھیجا خالی ہے، جادو ٹونے حکومت چلائی جا رہی اور پھونکوں سے تعیناتیاں ہو رہی ہیں، عمران خان جادو ٹونے سے تبدلی لانا چاہتا تھا لیکن یہ ملک کی بربادی بن گئی ہے، 72 سال سے پاکستان میں اس سے بدتر حکومت نہیں دیکھی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم موجودہ اتحادیوں کےساتھ حکومت بنا کر 6 ماہ میں ملک ٹھیک کر دیں گے، 6 ماہ میں حالات بہتر نہ کر سکے تو میرا نام عمران خان نیازی رکھ دینا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم پر ہم پارلیمنٹ گئے، سپہ سالار نے بریفنگ دی لیکن یہ شخص نہیں آیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی پارلیمنٹ کا آئِینی حق ہے، غرور دفن ہو گا، نواز شریف کی قیادت میں پھر پاکستان کو بنائیں گے۔

مزید خبریں :