کھیل
Time 03 نومبر ، 2019

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث بے نتیجہ ختم


سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر  مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جب کہ آسٹریلوی ٹیم کی سربراہی ایرون فنچ کررہے ہیں— آئی سی سی فوٹو

پاکستان کی جانب سے  بابراعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا  لیکن پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخرزمان کے بعد بلے باز حارث سہیل آئے لیکن غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ بھی 4 رنز بنا کر رچرڈ سن کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

بارش کے باعث میچ 15 اوورز تک محدود

ٹاس ہونے کے بعد ہی بارش ہوگئی جو کچھ ہی دیر میں تھم گئی تاہم میچ کا آغاز مقررہ وقت پر کیا گیا۔

بعدازاں میچ کے دوران ایک بار پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ روک دیاگیا، جب میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو امپائر نے میچ کو 15 اوورز تک محدود کر دیا۔

بارش رکنے کے بعد میچ کا دوبارہ سے آغاز ہوا تو آصف علی اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 11 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ عماد وسیم بھی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

مقررہ 15 اوورز میں قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف ملا۔

بابراعظم 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ  آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور رچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے اننگز جارحانہ آغاز کیا اور 3 اعشاریہ ایک اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ میچ ایک بار پھر بارش کے باعث روک دیا گیا۔

مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں 3 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جارہا ہے جب کہ دوسرا 5 اور آخری 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم کینگروز سے اظہر علی کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔

مزید خبریں :