04 نومبر ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست پہلے سیاست بعد میں آتی ہے اور ریاست کو کسی صورت کمزور نہیں پڑنے دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی تازہ سیاسی صورتحال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست پہلے سیاست بعد میں آتی ہے اور ریاست کو کسی صورت کمزور نہیں پڑنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہوگا، خود انسداد دہشتگردی کی عدالت سے لے کر سپریم کورٹ تک ہرجگہ خود پیش ہوا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ملکی ادارے مزید مستحکم کریں گے کیونکہ پاکستان کا استحکام اداروں کے ساتھ وابستہ ہے۔
عمران خان نے مزید کہاکہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 32 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی جب کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد ہے، تجارتی خسارے میں کمی او ربرآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے، اس حوالے سے مزید اقدامات جاری ہیں جن سے آنے والے چند ماہ میں مزید بہتری آئے گی۔