Time 07 نومبر ، 2019
کھیل

فہیم اشرف گھٹنے کی انجری کا شکار، حسن علی کی فٹنس میں بہتری

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر فہیم اشرف گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں اور انجری سے چھٹکارا پانے کے لیے انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام شروع کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیسنز ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق آل راونڈر فہیم اشرف نے گزشتہ روز گھنٹے کی انجری کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کیا، پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے ان کی فٹنس پر کام شروع کر دیا ہے۔

ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف کو مکمل فٹ ہونے میں دو ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔

فہیم اشرف قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم انجری کی وجہ سے انہوں نے فیصل آباد میں ناردرن کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کی۔

دوسری جانب کمر کی انجری کا شکار فاسٹ بولر حسن علی کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ڈاکٹر سہیل کا کہنا ہے کہ حسن علی 80 فیصد ریکور کر چکے ہیں، انہوں نے این سی اے میں 20 منٹ شارٹ اور لانگ رننگ کے ساتھ ساتھ بولنگ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے تاہم انہوں نے حسن علی کی مکمل فٹنس بحالی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔

مزید خبریں :