چارکول سے بنی کافی

فوٹو: بشکریہ راؤنڈ کے کیفے انسٹاگرام

آپ نے عموماً چارکول کو خوبصورتی نکھارنے اور بیوٹی پروڈکٹس میں استعمال کرنے کے بارے میں تو سنا ہی ہوگا لیکن کیا آپ نے کبھی چارکول سے بنی کافی کے بارے میں سنا ہے؟

عام طور پر لوگوں کو  بلیک کافی بے حد پسند ہوتی ہے مگر یہ بلیک کافی اپنے نام کی طرح بالکل کالے رنگ کی نہیں ہوتی بلکہ اس بلیک کافی کا مطلب یہ ہوتا کہ اس  میں دودھ اور کریم شامل نہ ہو۔

لیکن ہم آج آپ کو ایک ایسے کیفے کے بارے میں بتائیں گے جہاں ملنے والی کافی کو چارکول سے تیار کیا جاتا ہے  اور یہ کافی گہرے کالے رنگ کی ہوتی ہے۔

نیویارک سٹی کے ’راؤنڈ کے‘ کیفے میں آپ کو ایسی بلیک کافی ملے گی جو کہ اپنے نام کی طرح دکھنے میں بالکل گہرے کالے رنگ کی ہوتی ہے۔

اس کیفے کے مالک اوکیون بیون کا ماننا ہے کہ کافی کو بالکل اس کے نام کی طرح بنایا جائے اور انہوں نے ایک ایسی کافی تیار کی جو بے حد مقبول ہوگئی۔

کیفے کے مالک نے مختلف ایکٹیویٹد چارکول کو جانچنا شروع کیا جس کے بعد انہوں نے کافی میں کالا رنگ دینے کے لیے ناریل کے چھلکے کی راکھ کا انتخاب کیا۔

فوٹو: بشکریہ راؤنڈ کے کیفے انسٹاگرام

یہ ناریل کی راکھ کافی کو نہ صرف گہرا کالا رنگ دیتی ہے بلکہ یہ کافی کو ایک خاص ذائقہ بھی دیتی ہے۔

نیویارک میں واقع یہ کیفے 2017 سے اس میٹ بلیک کافی کو بنانے کی وجہ سے بے حد مقبول ہے، کچھ لوگوں کو اس کافی کا رنگ تھوڑا عجیب لگتا ہے لیکن اب یہ مقبول ترین ڈرنک میں سے ایک بن چکی ہے۔

اس کافی کو بنانے کے لیے 90 فیصد ڈچ کاکاؤ، اسپریسوشاٹ، ناریل کی راکھ، بادام کا دودھ اور معمولی برف ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔

فوٹو: بشکریہ راؤنڈ کے کیفے انسٹاگرام

کیفے کے مالک نے بتایا کہ لوگ جب بھی اس کیفے میں آتے ہیں تو وہ کافی کے رنگ کو دیکھ کر حیران اور پریشان ہوجاتے ہیں لیکن جب وہ اس کافی کو پیتے ہیں تو اس کے مزیدار ذائقے سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ اس کا ذائقہ روایتی کافی سے مختلف ہوتا ہے۔

نیویارک شہر میں یہ کیفے اپنی منفرد کافی کی وجہ سے بے حد مقبول ہے اور یہاں کی میٹ بلیک کافی کے ایک کپ کی قیمت 6 ڈالرہے۔

مزید خبریں :