14 نومبر ، 2019
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہےکہ عدالت کے ایک افسر نے حکومتی شخصیت سے نوازشریف سے متعلق دریافت کیا جس پر انہوں نے کہا کہ حکومت کا بھی یہی مؤقف ہےکہ نوازشریف مر جائیں ہماری بلاسے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ تین بار کا وزیراعظم نواز شریف موت و حیات کی جنگ لڑ رہاہے، وہ موت و حیات کی جنگ میں بھی اپنی اصل جنگ ووٹ کو عزت دو کو نہیں بھولے۔
انہوں نے کہاکہ فروغ نسیم کا بڑا احترام کرتا ہوں، کاش انہوں نے مشرف کے لیے جو رویہ اپنایا وہی نوازشریف کے لیے بھی دلائل دیتے مگر مشرف کے لیے ان کے دلائل مختلف اور نوازشریف کے لیے مختلف ہیں، ان سے استدعا ہےکہ اصول کی بات کریں، ماحول اور موسم کے مطابق بات نہ کریں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نوازشریف کے ورکر اور ایم این اے ضامن ہیں، ہم ان کے ضامن ہیں کہ نوازشریف واپس آئیں گے، پاکستان کے عوام انہیں واپس لائیں گے، حکمرانوں سے استدعا کرتا ہوں کہ نوازشریف کو شطرنج کا مہرا نہ بنائیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکا میں کھڑے ہوکر کہا کہ نواشریف کا ائیرکنڈیشن لے لوں گا، وزارت عظمیٰ کا عہدہ اتنی چھوٹی باتوں کا تقاضہ نہیں کرتا، بڑا عہدہ چھوٹی باتیں نہیں بلکہ بڑی باتیں مانگتا ہے، جب اللہ عزت دیتا ہے تواس کے مطابق رویے استوار کرنے چاہئیں۔
خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ ’ایک میٹنگ میں وزیراعظم نے کہا کہ چیک کرو نوازشریف کی رپورٹ جعلی تو نہیں، کہیں سمپل جعلی ہیں، ان کی سوچ دیکھیں‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’عدالت کے ایک افسر نے ایک لاء آفیسر کو فون کیا کہ ہم ہفتے کے روز نوازشریف کی ضمانت کا کیس سن رہے ہیں حکومت کا کیا موقف ہے، اس پر لاء افسر نے کہا کہ مر جائے ہماری بلا سے کیا جاتا ہے، اس شخص نے پھر پوچھا کہ میں حکومت کا مؤقف پوچھ رہا ہوں اس نے پھر کہا کہ حکومت کا وہی مؤقف ہے‘۔
خواجہ آصف نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ٹماٹر 17 روپے کلو کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آکر انسان سب بھول جاتا ہے، حفیظ شیخ 17 روپے کلو ٹماٹر بیچ رہے ہیں، یہ ریٹ تو دو چار سال پہلے بھی نہیں تھے، آپ کیسی کیسی زیارتیں پاکستان لے آئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے لیے جو مچلکے مانگے گئے ان کی کوئی وقعت نہیں لیکن یہ ملکی سیاست کے لیے بڑی مہلک چیز ہے، یہ ملکی سیاست کو گدلا کردے گی، ہماری سیاست گالی بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ یہ روایت ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کا تختہ الٹتی ہے لیکن نوازشریف نے نئی روایات کو جنم دیا، ایسے فراخ دل شخص کے لیے ایسی زبان، انہوں نے آپ کیا کیا بگاڑا ہے، سیاسی مسائل ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں ہوتے، آپ اپنے مخالف کی جان کے دشمن نہیں بن جاتے۔