15 نومبر ، 2019
فضائی آلودگی کے باعث کراچی آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضا کو صاف رکھنے والی سمندری ہوائیں موسم سرما میں معطل رہتی ہیں اور شمال مشرق کی صحرائی ہوائیں کراچی کی فضا گرد آلود کرنے کا باعث ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں عام طورپر حد نگاہ 4 سے 6 کلومیٹر رہتی ہے لیکن فضا گرد آلود ہونے کے باعث حد نگاہ 3کلومیٹر ہے۔
دوسری جانب ائیرکوالٹی انڈیکس کا کہنا ہےکہ ماحولیاتی آلودگی ناپنے والے انڈیکس میں کراچی آج کا چوتھا آلودہ ترین شہر ہے، پہلے نمبر پر دلی دوسرے پرلاہور اور تیسرےپر تاشقند ہے۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق مٹی کے ذرات،گاڑیوں، فیکٹریوں کا دھواں ہوا میں شامل ہے، عالمی انڈیکس میں کراچی کی فضائی آلودگی 177درجے سے زیادہ ہے جب کہ 150سے 300 انڈیکس تک فضائی آلودگی انتہائی مضرصحت ہوتی ہے۔
کراچی کی فضائی آلودگی کو دیکھتے ہوئے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ آلودگی کے صحت پر مضر اثرات ہوسکتے ہیں لہٰذا آنکھوں میں تکلیف، الرجی اور دمہ کے مریضوں کو سانس لینے میں دشواری ہوگی۔
ماہرین صحت نے مشورہ دیا کہ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ لگائیں اور آنکھوں کو بارباردھوئیں جب کہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔