16 نومبر ، 2019
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ایم کیوایم وفاقی حکومت سے مایوس ہوگئی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت سے مایوس ہے، وزیراعظم نے کراچی کے لیے 162 ارب کا اعلان کیا مگر ابھی تک وعدہ وفا نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل سے گورنر سندھ کو آگاہ کرتے رہتے ہیں، کراچی پورے ملک کو چلا رہا ہے اور پی ٹی آئی ارکان نے اس شہر کو کیا دیا؟
عامر خان کا کہنا تھا کہ میئر کے پاس اختیارات نہیں، وہ گریڈ ایک سے 4 کا ملازم تک بھرتی نہیں کرسکتا، اختیارات کے بغیر میئر کام کیسے کر ےگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی میں سیوریج کاکوئی نظام نہیں، تمام چیزوں کی سب سے زیادہ ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہےْ