16 نومبر ، 2019
بہت سے لوگوں کو نیند کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے جس کی وجہ سے وہ بستر پر گھنٹوں لیٹنے کے باوجود بھی سو نہیں پاتے۔
نیند نہ آنے کی عادت میں مسلسل مبتلا ہونے والے شخص کو ایک بیماری ہوتی ہے جس کا نام ’انسومنیا‘ ہوتا ہے۔
اس بیماری میں انسان کو نیند نہیں آتی جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن، بے چینی، اور دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہوجاتا ہے۔
دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ رات کو نیند نہ آنے کی پریشانی میں مبتلا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین نے متعدد تحقیق کی ہیں جس کا یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ نیند نہ آنے کی بیماری انسان کو ڈپریشن اور بے چینی میں میں مبتلا کردیتی ہے۔
لیکن بیجینگ یونیورسٹی کی جرنل نیورولوجی میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق مطابق نیند نہ آنے کی بیماری امراض قلب اور فالج جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بھی بنتی ہے۔
اس تحقیق میں 4 لاکھ 87 ہزار کو شامل کیاگیا جس کے بعد نتیجہ یہ نکلا کہ نیند نہ آنے کی بیماری امراض قلب اور فالج جیسی خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔
تحقیق میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا کہ مکمل اور پر سکون نیند صحت کے لیے کس قدر ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسومنیا جیسی بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے بہت کم ہی لوگ سنجیدہ ہوتے ہیں اور ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ لوگ اس بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے منشیات کا استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں جو ان کی صحت کے لیے مزید مضر ثابت ہوتی ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انسومنیا لوگوں کی زندگیوں کو تباہ کردینے والی بیماری ہے۔