دنیا
Time 17 نومبر ، 2019

سری لنکا صدارتی انتخابات: سابق صدر راجا پاکسا کے بھائی کے ہاتھوں حکومتی امیدوار کو شکست

فوٹو: فائل

سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں سابق صدر مہندا راجا پاکسا کے بھائی گوٹابایا راجا پاکسا نے حکومتی امیدوار کو شکست دیدی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکومتی امیدوار سجیتھ پریما داسا نے ملک میں گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور انہوں نے اپنے حریف گوٹابایا راجا پاکسا کو جیت پر مبارکباد بھی دی ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق گوٹابایا راجا پاکسا کو انتخابات میں 54 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری سطح پر گوٹابایا راجا پاکسا کی جیت کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے لیکن گوٹابایا راجا پاکسا کے ترجمان نے انتخابات میں جیت کا اعلان کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گوٹابایا راجا پاکسا اپنے بھائی مہندا راجا پاکسا کے دور صدارت میں وزارت دفاع کے سیکریٹری رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :