پاکستان
Time 17 نومبر ، 2019

بلاول کی تنقید پر مراد سعید اور فیصل جاوید کی لفظی گولہ باری

بلاول نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میرا سوال بدستور اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی؟ اب نہ امپائر کی انگلی چلے گی نہ جعلی تبدیلی— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تنقید کے بعد فیصل جاوید اور مراد سعید نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’میرا سوال بدستور اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی؟ اب نہ امپائر کی انگلی چلے گی نہ جعلی تبدیلی ، صرف عوام کی مرضی چلے گی‘۔


اپنی ٹوئٹ کے آخر میں بلاول نے ہیش ٹیگ ’گیم اوور سلیکٹڈ‘ بھی استعمال کیا۔

’عمران خان 22 سال کی جدو جہد کے بعد عوام کی نمبر ون چوائس ہیں‘

بلاول بھٹو کے اس بیان پر پی ٹی آئی کے سینیٹر نے جواب دیا کہ ’تبدیلی تو پسند آئی ، آپ نے رومن اردو لکھنا سیکھ لیا ہے، لگے رہیں ، آپ کو بار بار لانچ کرنے کی کوشش ناکام ہورہی ہے‘۔

فیصل جاوید نے مزید لکھا کہ ’سلیکشن کے حوالے سے ذرا اپنی پارٹی کا ٹریک ریکارڈ چیک کرلیں ، کیسے اسٹارٹ کیا اور آپ پرچی پر کیسے آئے، عمران خان تو 22 سال کی جدو جہد کے بعد عوام کی نمبر ون چوائس ہیں‘۔

’بندہ زرداری ہو تو بھٹو کا نام لگانے سے بھی کام نہیں بنتا‘
مراد سعید — فوٹو: فائل

بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر وزیرمواصلات مراد سعید نے بھی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ’بندہ حادثاتی طور پر چیئرمین بنتا ہے تو پرچی کی ضرورت پڑتی ہے، بندہ زرداری ہو تو بھٹو کا نام لگانے سے بھی کام نہیں بنتا۔

مرادسعید نے مزید کہا کہ بندہ عمران خان پرتنقید کرکے لیڈر بننے کی کوشش کرتا ہے تو بھی بات نہیں بنتی، بندہ این آراو لینے کیلئے مولوی صاحب کے کنٹینر پر پہنچ جاتا ہے، مولوی صاحب کے کنٹینر سے بھی کچھ نہیں ملتا تو دوبارہ جمہوریت کا دعویدار بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بندہ کچھ بھی کرلے ابو بچتے دکھائی نہیں دیتے، بندہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کردے تو ابو کی خلاصی کے امکانات دکھائی دیتے ہیں‘۔

مزید خبریں :