21 نومبر ، 2019
قومی ٹیم کی آل راؤنڈر ثناء میر کی پاکستانی ویمن ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل بریک لینے کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں آئندہ ماہ ملائیشیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔
سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعرات سے کراچی میں شروع ہو گا جس کے لیے پی سی بی نے 21 پلیئرز کا اعلان کیا تھا لیکن ثناء میر کرکٹ سے بریک لینے کے لیے سیریز سے دستبردار ہو گئی ہیں۔
ان کے متبادل کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان 27 نومبر کو کیا جائےگا۔
ذرائع کہتے ہیں کہ ثنا میر کے بریک لینے کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا بتایا گیا ہے، ان کے معاملات گزشتہ چند ماہ سے پی سی بی کے ساتھ بگڑنا شروع ہوئے۔
ذرائع کا بتانا ہے ٹیم کو ٹائم نہ دینے اور فٹنس کے حوالے سے پی سی بی ویمن ونگ اور ویمن سلیکشن کمیٹی ناخوش تھی جب کہ ایوارڈ کے لیے امریکا جانے کو ترجیح دینے کو بھی پی سی بی میں ناپسند کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ثناء میر اور سلیکشن کمیٹی کے عہدیداران کے درمیان اختلافات کی بھی خبریں ہیں۔