Time 21 نومبر ، 2019
پاکستان

'مہنگائی ہوتی ہے تو غربت بڑھتی ہے‘، وزیراعظم کی بلاول جیسی تھیوری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نقل اتارنے والے وزیراعظم عمران خان نے خود بھی انوکھی تھیوری پیش کردی۔

18 نومبر کو ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے جہاں دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر بھی سخت تنقید کی۔

عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری پر طنز کرتے ہوئے ان کے انداز میں کہا کہ 'بلاول بھٹو کی تھیوری سے تو آئن اسٹائن بھی گھبرا گیا ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، آئن اسٹائن کی روح اس سے بھی زیادہ اس وقت تڑپ اٹھی ہوگی جب بلاول نے کہا کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے زیادہ پانی آتا ہے'۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کراچی میں شدید بارشوں کے بعد پانی کھڑا ہونے اور دیگر مسائل کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے اور جب زیادہ بارش آتا ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا تھا اور اس پر مختلف تبصرے ہوئے تھے۔

'منہگائی کی وجہ سےغربت بڑھتی ہے '

تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز اسلام آباد میں برآمد کنندگان میں سیلز اور انکم ٹیکس ریفنڈ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ 'منہگائی کی وجہ سےغربت بڑھتی ہے '۔

عمران خان کے اس جملے پر بھی سوشل میڈیا پرمختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ایک صارف نے اسے بلاول کے بارش والے جملے سے منسلک کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب مہنگائی ہوتی ہے تو غربت بڑھتی ہے اور جب زیادہ مہنگائی ہوتی ہے تو زیادہ غربت بڑھتی ہے۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ  مہنگائی بڑھتی کیوں ہے؟

محمد علی نامی  صارف کا کہنا تھا میں تو بچپن سے یہ سمجھتا آیا کہ مہنگائی کی وجہ سے بارش ہوتی ہے۔

' وزیراعظم کو نوبیل انعام کے لیے تجویز کرتاہوں'

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال  کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم کو نوبیل انعام کے لیے تجویز کرتاہوں، یا تو آپ معیشت کے بہت بڑے آئن اسٹائن ہیں یا ہم معیشت نہیں سمجھتے، وزیراعظم نے انکشاف کیا ہے کہ مہنگائی بڑھتی ہے تو غربت بڑھتی ہے۔

مزید خبریں :