Time 22 نومبر ، 2019
پاکستان

کراچی میں پولیس گردی، اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق

کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا جہاں کینٹ اسٹیشن کے قریب گزری تھانے کے اہلکاروں کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق  پولیس گاڑی کا تعاقب کررہی تھی کہ کینٹ اسٹیشن کے قریب پولیس اہلکاروں نے کھڑی گاڑی پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت نبیل ہوڈبائے اور زخمی کی شناخت رضا امام کے نام سے ہوئی ہے جب کہ واقعے میں ملوث سب انسپکٹر عبدالغفار، ہیڈ کانسٹیبل آفتاب اور کانسٹیبل محمد علی شاہ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس نے زخمی شخص رضا امام کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا جس میں اس  نے بتایا کہ جاں بحق شخص اس کا دوست تھا اور دونوں گزری کھڈا مارکیٹ سے کھانا کھا کر آرہے تھے کہ پولیس نے پیچھا کیا جس کا انہیں علم نہیں تھا۔

رضا امام کا کہنا تھا کہ پولیس کے تعاقب کا اور راستے میں فائرنگ کا ابھی پتا چلا، کینٹ اسٹیشن کے قریب گاڑی روکی تو پولیس اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

زخمی شخص کے مطابق مقتول اور وہ امپورٹ ایکسپورٹ کا کام کرتے ہیں۔

مزید خبریں :