پاکستان
Time 22 نومبر ، 2019

کراچی کے ریڈ زون میں جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی گورنر ہاؤس کی نکلی

معاملہ میڈیا میں آنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس بات کا اعتراف کیا کہ گاڑی گورنر ہاؤس کی ملکیت ہے— فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی کے ریڈ زون سے جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی گزرنے کے معاملے کا مقدمہ سول لائن تھانے میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ 20 نومبرکی شام 4 بجے پیش آیا جس کے آدھے گھنٹے بعد مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ فراڈ اور جعلسازی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب گاڑی کے سابق مالک محمد حسین کا وڈیو بیان بھی سامنے آگيا ہے جس کا کہنا ہے کہ 96/1995 میں یہ گاڑی خریدی تھی، 2014 میں گاڑی عبدالمطلب نامی شخص کو بیچ دی تھی، میرا اس گاڑی سے اب کوئی لینا دینا نہیں ہے، جو شخص یہ نمبر غلط استعمال کر رہا ہے حکومت اس کا نوٹس لے۔

مجھے وزیر اعلیٰ سے ایسی توقع نہیں تھی، گورنر سندھ

معاملہ میڈیا میں آنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس بات کا اعتراف کیا کہ گاڑی گورنر ہاؤس کی ملکیت ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جیو کو بتایا کہ پولیس اسکارٹ میں چلنے والی گاڑی ان کی نہیں بلکہ گورنر ہاؤس کی ملکیت ہے، وہ بی ایم ڈبلیو گاڑی سندھ حکومت نے 2008 میں خرید کر گورنر ہاؤس کو دی تھی۔

عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بعض اوقات ایسی گاڑیوں کا اصل نمبر سیکیورٹی کی وجہ سے ظاہر نہیں کیاجاتا، اس گاڑی میں ان کی فیملی موجود تھی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مراد علی شاہ نہیں جانتے تھے کہ گاڑی گورنر ہاؤس کی ہے، اس معاملے پر جو کچھ ہوا افسوسناک ہے۔

عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ناراضی الگ بات ہے لیکن مجھے وزیر اعلیٰ سے ایسی توقع نہیں تھی، سندھ حکومت نے جو کیا وہ درست نہیں تھا، پولیس اور خفیہ ایجنسیاں جانتی ہیں کہ گاڑی کس کی ہے، گاڑی کو جان بوجھ کر ٹی وی پر دکھایا گیا اور میری فیملی کو خطرے میں ڈالا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی وضاحت

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وضاحت کی ہے کہ غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ پر چلنے والی گاڑی کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور پکڑنے کی ہدایت میں نے دی اور اس پر گورنر سندھ ناراض ہوگئے ہیں۔

گورنر سندھ مناسب سمجھیں تو معافی مانگیں، مرتضیٰ وہاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل نے جو الزامات لگائے وہ اپنا بیان واپس لیں، گورنر سندھ مناسب سمجھیں تو اپنے بیان پر معافی مانگيں۔

وزیراعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ گورنر الزام لگانے سے پہلے کاغذات پڑھ لیا کریں ، شاید آپ کو ٹیم صحیح مشورے نہيں دیتی، ہم سے پوچھ لیا کریں، آپ ہمارے بھی گورنر ہیں، ہم مشاورت کےلیے تیار ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’میں اپنے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کروں گا کہ وہ گورنر کے بیان کا نوٹس لیں‘۔

مزید خبریں :