مومنہ کا بلال سعید کے ساتھ پنجابی رومانوی گانا ’باری‘ مقبول

’باری‘ میں دونوں گلوکاروں نے ساتھ پرفارمنس بھی دی ہے اور مداحوں نے دونوں کی جوڑی پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے— فوٹو انسٹاگرام 

گلوکارہ مومنہ مستحسن کے رومانوی پنجابی گانے ’باری‘ نے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی۔

حال ہی میں گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نیا پنجابی گانا ’باری‘ ریلیز ہوا جس میں انہوں نے گلوکار بلال سعید کے ساتھ اپنی سُریلی آواز کا جادو جگایا۔

اس گانے میں بلال سعید نے اپنی آواز کا جادو تو جگایا ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس کی شاعری، کمپوزیشن اور ہدایت کاری کے فرائض بھی خود ہی انجام دیے ہیں۔

’باری‘ میں دونوں گلوکاروں نے ساتھ پرفارمنس بھی دی ہے اور مداحوں نے دونوں کی جوڑی پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ 

گلوکارہ نے رومانوی گانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’باری‘ ایک پنجابی لفظ ہے جس کے معنی ’کھڑکی‘ کے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ گانا بتاتا ہے کہ چاہے محبت آپ کی دسترس سے باہر ہی کیوں نہ ہو  تب بھی دل مطمئن رہتا ہے لیکن کبھی کبھی، خاص طور پر جب ہم کم توقع کرتے ہیں تو  ہمیں ایک ایسی محبت مل جاتی ہے جو سب بدل دیتی ہے، آپ بکھرنے کے بجائے  اپنے آپ کو پیار میں سنوار لیتے ہیں۔

خیال رہے کہ مومنہ مستحسن کو کوک اسٹوڈیو میں راحت فتح علی خان کے ساتھ گائے ہوئے گانے ’آفرین آفرین‘ سے شہرت ملی تھی اور وہ بالی وڈ فلم 'اِک ولن' کا گانا 'آواری' بھی گاچکی ہیں۔

 گلوکارہ پاکستان کے نامور گلوکاروں کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ بھارتی گلوکار  ارجن کننگو کے ساتھ بھی ’آیا نہ تو‘ گانے میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں۔

مزید خبریں :