Time 30 نومبر ، 2019
کھیل

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی پاکستانی بلے باز بری طرح فیل، فالو آن کا خدشہ

فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی قومی بلے بازوں کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور گرین کیپس کو فالو آن ہونے کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز  589 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز  شان مسعود اور امام الحق نے کیا لیکن 3 کے مجموعے پر امام الحق 2 رنز بنا کر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان اظہر علی بھی صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

فوٹو: اے ایف پی

شان مسعود 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بج کہ اسد شفیق 9 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے۔ افتخار احمد بھی صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ مچل اسٹارک کو اپنی وکٹ دے بیٹھے جب کہ محمد رضوان اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید 493 رنز درکار ہیں۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز

فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے 302 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مارنس لبوشین انفرادی اسکور میں صرف دو رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسٹیون اسمتھ بھی 36 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔

ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی، وہ 335 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، میتھیو ویڈ نے بھی 38 رنز اسکور کیے، وارنر اور ویڈ کے درمیان 99 رنز کی شراکت ہوئی۔

آسٹریلیا کا اسکور 589 رنز پر پہنچا تو کینگروز قائد نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :