Time 30 نومبر ، 2019
دنیا

طیب اردوان نے فرانس کے صدر کو ’مردہ دماغ‘ قرار دے دیا

فائل فوٹو: ترک صدر، فرانسیسی صدر

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے فرانس کے صدر میکرون کو ’مردہ دماغ‘ قرار دے دیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے شام پر ترک حملے پر فرانسیسی صدر کی تنقید پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور نیٹو سمٹ سے ایک روز قبل ان پر شدید لفظی گولہ باری کی۔

ترکی کی جانب سے شمالی شام پر حملے پر فرانسیسی صدر نے اپنے ایک حالیہ بیان میں ترکی اور اس کے اتحادیوں کو مردہ دماغ کہا تھا اور اسے اتحادیوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کی کمی بھی قرار دیا تھا۔

ایک تقریب سے خطاب میں ترک صدر نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ میں فرانسیسی صدر سے بات کررہا ہوں اور میں یہ نیٹو میں بھی کہوں گا کہ سب سے پہلے اپنے مردہ دماغ کو چیک کرائیں، اس طرح کے بیانات آپ جیسے لوگوں کو ہی زیب دیتے ہیں جو ایک مردہ دماغی کیفیت میں ہیں۔

طیب اردوان نے مزید کہا کہ آپ بڑی بڑی باتیں کرنا تو جانتے ہیں لیکن ٹھیک طرح سے نیٹو کو ادائیگی بھی نہیں کرسکتے ۔

اس موقع پر ترک صدر نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو اناڑی اور نوسیکھیا بھی قرار دیا۔

دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے ترک صدر کے بیان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فرانس میں ترکی کے سفیر کو طلب کیا اور طیب اردوان کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس پر وضاحت طلب کی۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی اور فرانس کے تعلقات میں اس طرح کے بیانات کی کوئی گنجائش نہیں جب کہ ایسے بیانات دو ملکوں کے درمیان ڈائیلاگ کو بھی قائم نہیں رکھ سکتے۔

مزید خبریں :