Time 02 دسمبر ، 2019
پاکستان

کراچی ائیرپورٹ کے اطراف جعلی پولیس اہلکاروں کی لوٹ مار کی ایک اور واردات

کراچی پولیس کے بلند و بانگ دعوؤں اور کارروائیوں کے باوجود پولیس کے بھیس میں ڈاکوؤں کی وارداتیں جاری ہیں— فوٹو: جیو نیوز

وطن واپس آنے والوں کو کراچی ائیرپورٹ کے اطراف جعلی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لوٹنے کی ایک اور واردات سامنے آگئی۔

کراچی پولیس کے بلند و بانگ دعوؤں اور کارروائیوں کے باوجود پولیس کے بھیس میں ڈاکوؤں کی وارداتیں جاری ہیں۔

دبئی سے وطن واپس پہنچے شہری سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی لوٹنے والے ملزمان اور گاڑی کی ڈکیتی کے دوران کی تصاویر ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

ملیر کینٹ روڈ پر صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب سلور رنگ کی ہنڈا سوک کار نمبر اے ای سی 102 میں سوار 2 ملزمان نے پولیس کی کیپ پہن رکھی تھیں— فوٹو : جیو نیوز

پولیس کے مطابق چکوال سے تعلق رکھنے والے ندیم اختر 3 روز قبل دبئی سے کراچی پہنچے۔

ندیم اختر کے مطابق کراچی ائیرپورٹ سے ان کی والدہ اور دیگر رشتہ داروں نے انہیں ریسیو کیا اور کار میں نیو سعیدآباد جارہے تھے کہ ملیر کینٹ روڈ پر صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب سلور رنگ کی ہنڈا سوک کار نمبر اے ای سی 102 میں سوار 2 ملزمان جنہوں نے پولیس کی کیپ پہن رکھی تھیں انہیں پولیس کے کارڈ دکھا کر روکا اور کہا کہ انہیں داعش کا بندہ ہونے کی مخبری ملی ہے جس کی وجہ سے ملزمان نے انہیں تلاشی دینے کا کہا۔

مدعی کے مطابق رینجرز میں ملازم ان کے ماموں کے بیٹے جہانگیر حسین بھی ان کے ساتھ تھے جنہوں نے ملزمان کی تصاویر بنانا شروع کیں اور ان سے سوال جواب کیے تو وہ مشعل ہوگئے اور فائرنگ کردی۔

نوید اختر کے مطابق اس دوران ملزمان نے ان سے پرس چھین لیا جس میں ساڑھے 6 ہزار درہم، 10 ہزار پاکستانی روپے، دبئی کا ڈرائیونگ لائسنس، کریڈٹ کارڈ، شناختی کارڈ، دبئی ویزے کے کاغذات اور دیگر سامان موجود تھا اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقع مقدمہ نمبر 19/ 341 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مدعی کی جانب سے ایک ملزم اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصاویر بھی فراہم کی گئی ہے جس کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

کراچی میں اس طرح کی وارداتیں تواتر کے ساتھ ہو رہی ہیں اور کراچی ائیرپورٹ سے نکلنے والے مسافروں کو نیلی بتی لگی گاڑی میں سوار جعلی پولیس اہلکار لوٹ لیتے ہیں۔

ان وارداتوں میں ملوث کئی گروہوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے مگر ائیر پورٹ کے اطراف کے تھانوں کی پولیس کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے وارداتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

مزید خبریں :