03 دسمبر ، 2019
بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک کسان نے بندروں کے حملوں سے تنگ آکر انہیں ڈرانے کے لیے ایک انوکھا حل تلاش کر لیا۔
کرناٹک کے سریکانت گؤڈا نامی کسان نے اپنی زمین پر بندروں کے جُھنڈ کو ڈرانے کے لیے رکھوالی کرنے والے کتے کو چیتے کی کھال کی طرح رنگ کرنے کا سوچا۔
اور پھر زمین پر رکھوالی کرنے والے کتے کے بالوں کو چیتے کی طرح دھاریوں والے انداز میں رنگ کیا اور اب اس کا یہ انوکھا طریقہ دنیا بھر میں مشہور ہوگیا۔
کسان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کتے کے جسم پر چیتے کی طرح کالی دھاریاں اسپرے کلر سے بنائیں اور ساتھ ہی ہلکا سفید رنگ بھی اسپرے کیا تاکہ وہ اصلی چیتے کی طرح نظر آئے۔
انہوں نے بتایا کہ بندروں کا جُھنڈ ان کی فصلوں کو خراب کردیتا ہے اور انہیں امید تھی کہ ان کا یہ طریقہ اس مسئلے میں کار آمد ثابت ہوگا۔
کسان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ یہ خیال انہیں اس وقت آیا جب یہ 4 سال قبل بھارتی ریاست اتر کھنڈ گئے تھے جہاں انہوں نے دیکھا کہ ایک کسان نے بندروں کو بھگانے کے لیے اپنے کھیتوں میں چیتے کے پوسٹرز لگائے ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بندروں کو بھگانے اور ڈرانے کے لیے یہ طریقہ دیر پا نہیں ہے جس کے بعد انہوں نے کچھ اور کرنے کا سوچا۔
سریکانت گؤڈا نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اپنے کتے کو ایک چیتے کی طرح رنگ کیا بلکہ اپنی زمین پر چیتوں کے بڑے پوسٹر زبھی لگائے۔
سریکانت کا کہنا ہے کہ ان کا یہ طریقہ امیدوں پر پورا اترا ہے اور وہ دوسرے کسانوں کو بھی اس کی تجویز دیتے ہیں۔